بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
اطلاع کے مطابق نئی دہلی کے علاقے ستیہ نکیتن میں یونیورسٹی طلبہ کی رہائش کے لیے استعمال ہونے والی ایک کثیر المنزلہ عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
عمارت دہلی یونیورسٹی کے ساؤتھ کیمپس کے قریب واقع تھی۔ حادثے سے فوراً بعد بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے 11 افراد کو نکال کر مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق چار زخمی AIIMS ٹراما سینٹر پہنچنے کے بعد دم توڑ گئے اوربعد میں پانچویں شدید زخمی شخص کی بھی موت واقع ہو گئی ہے۔
دہلی پولیس کے مطابق عمارت تقریباً 40 سے 50 سال پرانی تھی اور اس میں تہہ خانے کے علاوہ پانچ منزلیں تھیں۔ حادثے کے وقت عمارت کے تہہ خانے میں مرمت کا کام جاری تھا۔
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نےکہا ہے کہ مختلف اداروں کی ٹیمیں بڑے پیمانے پر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا، جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
















