جمعہ کے روز تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی کے ساتھ مسلسل دوسرے ہفتے بھی قیمتوں میں گراوٹ کا رجحان برقرار رہا ہے۔
امریکہ کی جانب سے ایران کی مسلسل ناکہ بندی اور خام تیل کی ترسیل کو لاحق خطرات کے باوجود مشرقِ وسطیٰ میں فوجی کشیدگی میں مزید اضافے کے خدشات میں کمی نے تیل کی قیمتوں پر دباؤ کم کر دیا ہے۔
ترکیہ کے مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 27 منٹ پر برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 28 سینٹ، یعنی 0.29 فیصد، کمی کے ساتھ 95.54 ڈالر فی بیرل اور امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت 56 سینٹ، یعنی 0.63 فیصد، کمی کے ساتھ 88.18 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔
قیمتوں میں اس کمی کے نتیجے میں گزشتہ دو کاروباری سیشنوں کے دوران ہونے والا اضافہ بھی ختم ہوگیا اور شدید اتار چڑھاؤ سے بھرے ایک ہفتے کا اختتام ہو گیا ہے۔
پورے ہفتے کے دوران امریکہ اور اسرائیل کی ایران مخالف کاروائیوں کے نتیجے میں کشیدگی کم ہونے کی امیدوں کو سعودی عرب کے بنیادی ڈھانچے اور خلیج میں تیل بردار جہازوں پر ہونے والے حملوں نے متاثر کیا ہے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ٹروتھ سوشل' سےجاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اس تنازعے کو ختم کرنے کے لیے ایران کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنا ضروری نہیں ہے۔
امریکہ میں طلب میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال رہی ہے
امریکہ میں تیل کی طلب میں کمی کے اشاروں نے بھی منڈی پر دباؤ بڑھایا ہے۔ خام تیل اور ایندھن کے ذخائر میں اضافے سے ظاہر ہوتا ہے کہ کھپت میں کمی آرہی ہے۔
برینٹ خام تیل کی قیمت میں گزشتہ ہفتے 16 فیصد کمی کے بعد رواں ہفتے بھی 2.9 فیصد کمی کا رجحان برقرار ہے اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت میں گزشتہ ہفتے 13 فیصد کمی کے بعد اس ہفتے بھی 2.9 فیصد گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔
آبنائے ہرمز تیل کی رسد کے لیے بدستور ایک اہم خطرہ
قیمتوں میں کمی کے باوجود آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل کے تحفظ کے حوالے سے خدشات برقرار ہیں۔ یہ گزرگاہ مشرقِ وسطیٰ کے تیل پیدا کرنے والے بڑے ممالک کے لیے خام تیل کی برآمد کا ایک انتہائی اہم راستہ ہے۔
ایرانی فوج نے جمعرات کو جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ آبنائے ہرمز میں دھماکوں کے نتیجے میں، دی گئی تنبیہات کو نظر انداز کرنے والے، چار تیل بردار جہازوں کو نقصان پہنچاہے۔
دوسری جانب حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے سعودی عرب کی مشرقی۔مغربی تیل پائپ لائن کے ایک پمپنگ اسٹیشن، بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع شہر ینبُع میں تیل کی ایک تنصیب اور ریاض میں آرامکو کی ایک عمارت کو نشانہ بنایا ہے۔























