غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق ،جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس میں واقع ناصر ہسپتال کی سرجیکل عمارت پر حملہ کیا گیا جو کہ مریضوں اور طبی عملے کے خلاف ایک جرم ہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں ڈاکٹر رزق ابو شعیرہ سمیت طبی عملے، مریضوں اور تیمارداروں پر مشتمل 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ایک ایسے طبی مرکز کو نشانہ بنانا جہاں مریض زیرِ علاج ہوں اور عملہ اپنے فرائض انجام دے رہا ہو، صحت کے نظام پر ایک سنگین حملہ ہے۔
بیان میں یہ بھی درج کیا گیا کہ ہسپتال کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور ان معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے جو طبی مراکز، عملے اور مریضوں کے تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں۔
بیان میں اس بات کی طرف توجہ مبذول کرائی گئی کہ غزہ میں طبی سہولیات کو مسلسل نشانہ بنائے جانے سے مریضوں اور زخمیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے اور خطے کے شدید انسانی بحران کے باعث نظامِ صحت کی خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔
اس کے علاوہ بیان میں عالمی برادری، اقوام متحدہ کے اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہسپتالوں، طبی عملے اور مریضوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں، حملوں کو رکوائیں اور ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرائیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ اطلاع دی گئی تھی کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں واقع ناصر ہسپتال پر کیے گئے فضائی حملے میں ابتدائی معلومات کے مطابق 6 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔





















