اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا ہے کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد سے عارضی طور پر تجاوز کرنے سے روکنا اب ناگزیر ہے، بلکہ اس حد سے تجاوز یقینی دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں فوری اور بڑے پیمانے پر کمی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ترکیہ کے ساحلی شہر انطالیہ میں منعقدہ COP31 ماحولیاتی سربراہی اجلاس کے موقع پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گوتریش نے کہا کہ اس حد سے تجاوز کی شدت اور دورانیے کو محدود رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ آئندہ چند برسوں تک عالمی اخراج میں ہر سال تقریباً 6 فیصد کمی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ’’1.5 ڈگری کی حد سے تجاوز اب ناگزیر ہو چکا ہے۔‘‘ تاہم، اس بات پر زور دیا کہ اس اضافے کو ’’حتی الامکان کم اور مختصر مدت تک محدود‘‘ رکھا جائے اور درجہ حرارت کو جلد از جلد دوبارہ اس حد سے نیچے لایا جائے۔
گوتریش نے خبردار کیا کہ موجودہ قومی ماحولیاتی وعدے دنیا کو اس صدی کے اختتام تک تقریباً 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں اضافے کی راہ پر ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے اس صورتحال کو ’’تباہی کا نسخہ‘‘ قرار دیا۔
انہوں نے فوسل فیولز (حیاتیاتی ایندھن) سے تیز رفتار، منصفانہ اور مساوی منتقلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع میں اضافے کے ساتھ ساتھ فوسل فیولز کی پیداوار اور کھپت میں بھی کمی لانا ضروری ہے۔
گوتریس نے کہا کہ ’’موسمیاتی بحران کو ہوا دینے والے فوسل فیولز ہی ہیں۔ ان سے دور ہوئے بغیر محفوظ آب و ہوا کی جانب بڑھنے کا کوئی قابلِ اعتبار راستہ موجود نہیں۔‘‘
انہوں نے ترقی یافتہ ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ موسمیاتی مالی معاونت سے متعلق اپنے وعدے پورے کریں اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کے لیے کوششیں تیز کریں۔ جبکہ ترقی پذیر معیشتوں پر بھی زور دیا کہ وہ فوسل فیولز سے قابلِ تجدید توانائی کی جانب منتقلی کے عمل کو تیز کریں۔
گوتریش نے مزید کہا کہ ترقی پذیر ممالک، بالخصوص موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے کمزور طبقات کو، موسمیاتی بحران کے اثرات سے ہم آہنگ ہونے اور ماحولیاتی نقصانات و تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے ضروری معاونت فراہم کی جانی چاہیے۔





















