مشرق وسطی
3 منٹ پڑھنے
گاڈی آئزنکوٹ کی لاپید سے ملاقات،اتحادی حکومت بنانے پر غور
اپنے باضابطہ بیان میں کوآلیشن کی شرائط اور حکومت کی ترجیحات کو ترتیب دیتے ہوئے آئزنکوٹ نے واضح کیا کہ ان کا ہدف 'قومی مفادات سے وابستہ، ایک وسیع البنیاد صیہونی حکومت' کا قیام ہے
گاڈی آئزنکوٹ کی لاپید سے ملاقات،اتحادی حکومت بنانے پر غور
گاڈی آئزنکوٹ

اسرائیل میں اپوزیشن کی 'یاشار پارٹی'  کے رہنما گاڈی آئزنکوٹ نے منگل کے روز ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں قطعی اکثریت حاصل نہ ہونے کے بعد اپوزیشن لیڈر یائر لیپڈ سے ملاقات کی ہے۔ آئزنکوٹ نے قبل از وقت انتخابات کے امکان کو ختم کرنے کے مقصد سے ایک وسیع البنیاد نئی حکومتی اتحاد بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

ملاقات کے بعد جاری کردہ اپنے باضابطہ بیان میں کوآلیشن کی شرائط اور حکومت کی ترجیحات کو ترتیب دیتے ہوئے آئزنکوٹ نے واضح کیا کہ ان کا ہدف 'قومی مفادات سے وابستہ، ایک وسیع البنیاد صیہونی حکومت' کا قیام ہے۔

آئزنکوٹ نے ممکنہ اتحادی شراکت داروں کے لیے چار لازمی اصول مقرر کیے: اسرائیل کو ایک 'یہودی، جمہوری، لبرل اور مساوات پسند ریاست' کے طور پر تسلیم کرنا، اسرائیل کے اعلانِ آزادی کے اقدار کی پاسداری، تمام شہریوں کی جانب سے فوجی، قومی یا شہری خدمات کی ذمہ داری کو پورا کرنا، اور حماس کو ایک دہشت گرد تنظیم تسلیم کرتے ہوئے غَزہ میں اس کی فوجی و انتظامی صلاحیتوں کا خاتمہ کرنا۔

آئزنکوٹ نے کہا، 'ہم جو حکومت بنائیں گے اس کے دروازے ہر اس منتخب نمائندے کے لیے کھلے ہوں گے جو ان اصولوں کو قبول کرتا ہے اور ذمہ داری اٹھانے کے لیے تیار ہے۔'

انتخابات میں ووٹرز کی بڑی تعداد میں شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے دلیل دی کہ نئے سرے سے پولنگ کی طرف جانے سے بچنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہے۔ آئزنکوٹ نے کہا، '27 اکتوبر کو عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ اسرائیل کی اگلی حکومت کا ڈھانچہ کسی بھی بیرونی مداخلت یا ہیرا پھیری کے بغیر، صرف اور صرف اسرائیل کے شہریوں کے ذریعے طے ہونا چاہیے۔'

آئزنکوٹ کے ترجیحی قانون سازی کے ایجنڈے میں ایک سرکاری تحقیقاتی کمیشن کا قیام، سب کے لیے لازمی سروس کے اطلاق کو قانونی شکل دینا، مسلح افواج میں اہلکاروں کی بھرتیوں میں اضافہ، جنگی تجربہ کاروں (غازیوں) کے سماجی حقوق کی بہتری، اور موجودہ حکومت کی عدالتی اصلاحات کے تحت منظور کیے گئے قوانین کی منسوخی شامل ہے۔

آئزنکوٹ نے کہا، 'کسی کو خود کو گمراہ کرنے کی اجازت نہ دیں: اسرائیل میں حکومت کو اعتماد کا ووٹ دینے والی پارلیمنٹ (کنیسٹ) ہوتی ہے، حکومت پارلیمنٹ کو اعتماد کا ووٹ نہیں دیتی۔'

نئی حکومت کے عہدہ سنبھالنے سے پہلے ایران پر کیے جانے والے ممکنہ حملوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آئزنکوٹ نے اشارہ دیا کہ فوجی کارروائی کے لیے ان کی حمایت انتہائی محدود ہوگی۔

آئزنکوٹ نے کہا، 'جب تک نئی حکومت قائم نہیں ہو جاتی، میں صرف اسرائیل کے خلاف ان براہِ راست اور فوری خطرات کے خلاف فوجی کارروائی کی حمایت کروں گا جو اتنے شدید ہوں کہ حکومت کی حلف برداری کا انتظار نہ کیا جا سکے۔'

آئزنکوٹ کے یہ بیانات کنیسٹ  کے انتخابی نتائج کے حتمی تعین کے بعد سامنے آئے ہیں۔ نتائج کے مطابق، بنجمن نیتن یاہو کی قیادت میں دائیں بازو کے بلاک نے 53، آئزنکوٹ کے اپوزیشن بلاک نے 48، جبکہ عرب پارٹیوں کی فہرستوں نے 19 نشستیں حاصل کی ہیں۔

اس طرح 120 رکنی پارلیمنٹ میں دونوں بڑے بلاکس میں سے کوئی بھی اکیلے حکومت بنانے کے لیے درکار 61 نشستوں کی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔"

 

دریافت کیجیے
ترکیہ، یومِ جمہوریہ کی 103 ویں سالگرہ منا رہا ہے
سویڈن: سرکاری ملازمین 'چیٹ جی پی ٹی' اور 'کلاوڈ' استعمال نہیں کریں گے۔
یوگنڈا: 36 لاکھ افراد شدید غذائی قلّت کا شکار
جرمنی میں ایک گاڑی ہجوم پر چڑھ گئی، کم از کم چار افراد زخمی
روس اور یوکرین کے رات بھرحملوں میں 2 افراد ہلاک، 15 زخمی
ملائیشیا: ہم، میانمار حکومت سے وضاحت طلب کریں گے
کیلیان ایمباپے 3 چینی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری سے محروم ہو گئے
اسرائیلی فوج نے الخلیل شہر میں تقریباً 5 ہزار فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کر دیا
سمندری طوفان 'ارنب' کی بھارت کی طرف پیش قدمی: ہزاروں افراد کا انخلا، ٹرینیں منسوخ ،اسکول بند
ایتھوپیا: حملوں میں کم از کم 60 آرتھوڈوکس عیسائی ہلاک
امریکی سینیٹر نے 9 امریکیوں کے قتل پر اسرائیل کی جوابدہی کا مطالبہ کر دیا
اسرائیل، 12500 سے زیادہ فلسطینی عورتوں کو قتل کر چُکا ہے
سعودی عرب، سنگاپور میں زیر زمین پیٹرول ذخیرہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے
ترکیہ جینڈرمیری فورس نے 101 تمغے جیت لئے
نیتن یاہو کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے:ایویگادور لیبرمین