ایران کے ایک صوبائی عہدیدار احمد نفیسی نے پیر کے روز جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ایران کے جزیرے قشم پر رات گئے کئے گئے امریکی حملوں میں رہائشی مکانات، تجارتی علاقوں یا اہم بنیادی ڈھانچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق جنوبی صوبے ہرمزگان کے سیاسی، سکیورٹی اور سماجی امور کے نائب گورنر احمد نفیسی نے کہا ہے کہ جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا وہ رہائشی علاقوں، کاروباری مراکز اور عوامی خدمات کی تنصیبات سے دُور تھےلہٰذا جزیرے کے اہم بنیادی ڈھانچے یا بنیادی خدمات کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔‘‘
امدادی ٹیمیں چوکس
نفیسی نے کہا ہے کہ جزیرہ قشم کی صورتِ حال قابو میں ہے اور ہنگامی امدادی ٹیمیں، عوامی خدمات کے ادارے اور انتظامی محکمے انتہائی چوکس حالت میں ہیں۔
یہ بیان اتوار کی شام جنوبی ساحلی شہر بندر عباس اور اس کے قریب واقع جزیرہ قشم میں ہونے والے دھماکوں کی اطلاعات کے بعد سامنے آیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی 'فارس' نے ابتدائی طور پر مقامی ذرائع کے حوالے سے جاری کردہ خبر میں دعویٰ کیا تھا کہ یہ دھماکے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے قواعد کی خلاف ورزی کے شبہے میں بعض جہازوں پر کی گئی تنبیہی فائرنگ کا نتیجہ ہو سکتے ہیں۔ تاہم ایرانی حکام نے تاحال اس واقعے کی وجہ سے متعلق کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔
اسٹریٹجک بحری گزرگاہ ۔۔۔کشیدگی کا مرکز
واضح رہے کہ جزیرہ قشم، بندر عباس کے قریب آبنائے ہرمز کے داخلی راستے پر واقع ہے۔ یہ ایک اہم بحری گزرگاہ ہے جہاں سے عالمی سطح پر برآمد کیے جانے والے تیل کا ایک بڑا حصہ گزرتا ہے۔
یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب تنازعے میں کمی لانے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ تاہم آبنائے ہرمز میں سلامتی اور محفوظ سیر و سفر کے معاملات پر واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے۔


























