ترکیہ
4 منٹ پڑھنے
ترکیہ: "کوپ 31 انطالیہ۔غزہ موسمیاتی راہداری" قائم کی جائے
فلسطینی سرزمین غزہ تک ٹھوس امداد پہنچانے کے لیے 'کوپ 31 انطالیہ۔غزہ موسمیاتی راہداری' قائم کی جائے: مراد قوروم
ترکیہ: "کوپ 31 انطالیہ۔غزہ موسمیاتی راہداری" قائم کی جائے
Murat Kurum / TRT Özbekçe

اقوام متحدہ موسمیاتی تبدیلی کانفرنس 'کوپ 31' کے صدر 'مراد قوروم' نے کہا ہے کہ جو حل موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو کی خاطر پیش کئے گئے ہیں انہی کو بروئے کار لاتے ہوئے غزّہ کی انسانی و بنیادی ڈھانچے کی ضروریات پوری کرنے کے لئے دیگر ڈی۔8 ممالک کے تعاون سے مشترکہ ہنگامی کاروائی شروع کی جائے۔

ترکیہ کے جنوبی شہر انطالیہ میں منگل کے روز منعقدہ ڈی 8 کے اعلیٰ سطحی وزارء اجلاس برائے موسمیاتی اقدامات سے خطاب  میں کوپ 31 کے صدر اور وزیرِ ماحولیات، شہری منصوبہ بندی و موسمیاتی تبدیلی 'مراد قوروم' نے فلسطینی سرزمین غزہ تک ٹھوس امداد پہنچانے کے لیے 'کوپ 31 انطالیہ۔غزہ موسمیاتی راہداری'قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

انہوں نے توجہ دلائی  ہےکہ موسمِ سرما کی شدید سردی غزہ میں جنگ اور تباہی کے اثرات کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔ حالیہ بارشوں سے ہزاروں گھرانے متاثر ہوئے ہیں اور 40 ہزار سے زائد خاندانوں کی عارضی پناہ گاہوں کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بارش کا پانی، نکاسی کے پانی میں شامل ہونے سے عوام کی صحت کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ طبی مراکز، پانی کی فراہمی کے نظام اور تعلیمی بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید دباؤ کا سامنا ہے۔

مجوزہ اقدام کے تحت ڈی 8 ممالک غزہ کو شمسی توانائی سے چلنے والے موبائل واٹر ٹریٹمنٹ سسٹم، طبی مراکز اور پانی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کے لیے خودمختار توانائی کے یونٹ، نکاسیٔ آب کے موبائل آلات، کچرا جمع کرنے والی گاڑیاں اور موسمِ سرما کی سخت صورتحال کا مقابلہ کرنے کے قابل رہائشی یونٹ فراہم کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بچوں کی تعلیم میں مزید تعطل کو روکنے کے لیے بھی تعاون کی اپیل کی اوراس بات پر زور دیا ہے کہ انسانی امداد کے سامان، آلات اور ان کے اسپیئر پارٹس تک بلا تعطل رسائی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی موسمِ سرما کے لیے ضروری سامان کی فراہمی تیز کرنے اور بنیادی ڈھانچے کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔

مراد قوروم نے ڈی 8 کے رکن ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ انصاف کے لیے اپنے عزم کو عملی امداد میں تبدیل کریں۔ غزہ میں بنیادی سہولیات کی بحالی کے لیے محض یکجہتی کے بیانات کافی نہیں بلکہ اس کے لیے عملی اقدامات کی بھی ضرورت ہے۔

ڈی 8 کے درمیان موسمیاتی تعاون کو مضبوط بنانا

وسیع تر موسمیاتی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے مراد کوروم نے کہا  ہےکہ کوپ 31 کی صدارت کا مقصد بین الاقوامی وعدوں کو ،سرمایہ کاری، منصوبوں اور لوگوں کی زندگیوں میں ٹھوس بہتری میں تبدیل کرنا ہے۔

انہوں نے ’’2035 تک عالمی سطح پر 35 فیصد برقی توانائی کے استعمال کے عہد‘‘ کی جانب توجہ مبذول کرائی، جس کا مقصد 2035 تک دنیا میں توانائی کے حتمی استعمال میں بجلی کا تناسب بڑھا کر 35 فیصد کرنا ہے۔ اس عہد کے تحت ممالک پر نئی لازمی قومی ذمہ داریاں عائد نہیں کی جائیں گی۔

مراد قوروم نے ان کوششوں کا بھی ذکر کیا جن کا مقصد عالمی سطح پر دوبارہ قابلِ استعمال مواد کے استعمال کی شرح کم از کم 15 فیصد تک پہنچانا اور 2035 تک بلدیاتی کچرے کی سالانہ پیداوار میں متوقع اضافے کو کم از کم 50 فیصد تک محدود کرنا ہے۔

انہوں نے صاف توانائی، صنعتی شعبے میں تبدیلی، وسائل کے مؤثر استعمال اور موسمیاتی مالی معاونت کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ترکیہ کے ’زیرو ویسٹ منصوبے‘ اور ’انطالیہ گرین انڈسٹریلائزیشن معاہدے‘ کی جانب توجہ دلائی۔

موسمیاتی اقدامات کے لیے 'عملی پُل' کا ذکر کرتے ہوئے مراد کوروم نے کہا ہے کہ ہر ملک اپنی ترجیحات کا خود تعین کرے گا، تاہم اسے منصوبوں کی تیاری اور مالی وسائل تک رسائی کے حوالے سے معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے رواں سال جولائی میں منعقد ہونے والے ڈی 8 کے پہلے وزارء اجلاس برائے ماحولیات و موسمیات میں منظور کیے گئے ’استنبول اعلامیے‘ کا حوالہ دیتے ہوئے اپیل کی ہے کہ مشترکہ منصوبوں، تکنیکی معلومات کے تبادلے اور پیش رفت کی باقاعدہ نگرانی کے ذریعے کوپ 31 کے اختتام کے بعد بھی تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس 'کوپ 31'گزشتہ ہفتے شروع ہوئی تھی اور اس کا اختتام جمعے کے روز متوقع ہے۔

دریافت کیجیے
یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ بھی مشرق وسطی میں امریکی بحری جہازوں میں شامل ہو گیا
خواہ کچھ بھی ہو ترک قبرصی عوام کو تنہا نہِیں چھوڑیں گے:ایردوان
عسکری شاخ کے کمانڈر سمیر ابو یونس مارے گئے ہیں:حماس
اسلام آباد:اقتصادی تعاون تنظیم کا اجلاس شروع
شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے قیام کی 43 ویں سالگرہ
ٹرمپ سمیت اعلی امریکی حکام ایران کے نشانے پر ہیں:موساد
ٹرمپ،شی اور پوٹن چین میں ملاقات کریں گے:کریملن
آبنائے ہرمز اور مشرقِ وسطیٰ کے سمندری علاقوں میں 134 واقعات کی تصدیق، 25 جہاز ران ہلاک
تحقیق: یورپی یونین کے 11 رکن ممالک میں 71 فیصد افراد ’’یورپی فوج‘‘ کے قیام کے حامی
آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آ گیا
قبرصی ترکوں نے جس جدوجہد کے نتیجے میں اپنی ریاست قائم کی، وہ مستقبل میں بھی جاری رہے گی
ترکیہ اور قطر کے مابین اعلی سطحی اجلاس اور متعدد معاہدوں پر دستخط
عالمی رہنماؤں کے سیاسی عزم  نے ایک مثبت امید پیدا کی ہے: اردوعان
ہم، اسرائیل کے ساتھ اسلحہ تجارت ختم کرنا چاہتے ہیں: اوبووِچ
تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار