ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوعان آئندہ ہفتے خلیجی خطے کے تین روزہ دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔
ترکیہ صدارتی محکمہ اطلاعات کے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر اردوعان 21 سے 23 اکتوبر کے دوران کویت، قطر اور عمان کا دورہ کریں گے۔
صدارتی محکمہ اطلاعات کے سربراہ برہان الدین دُران نے کہا ہے کہ "مذکورہ دورے تینوں خلیجی رہنماؤں کی دعوت پر کئے جا رہے ہیں ۔ دوروں کا مقصد سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانا اور اہم علاقائی و بین الاقوامی معاملات پر باہمی موقف کو ہم آہنگ کرنا ہے۔
دُران نے کہا ہےکہ دورے کے دوران صدر اردوعان ، تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں شراکت داری کے فروغ پر مبنی، دو طرفہ معاہدوں پر دستخط کریں گے ۔
یہ دورہ ، بڑے بڑے اقتصادی و اسٹریٹجک مذاکرات کے باعث پیدا ہونے والی قربت کے دور میں، انقرہ کی خلیجی ممالک کے ساتھ اپنے روابط کو مضبوط بنانے کی کوشش کو اجاگر کرتا ہے ۔
دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ترکیہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات اور بدلتے اتحادوں کے درمیان ایک اہم ثالث اور علاقائی طاقت کے طور پر اپنی حیثیت مستحکم کر رہا ہے۔
صدر رجب طیب اردوعان نے اس سے قبل جولائی 2023 میں خلیجی ممالک کا دورہ کیا تھا۔




















