ایران مسلّح افواج نےکویت میں علی السالم ایئر بیس پر نصب امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام پر حملے کا اعلان کیا ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی فوج نے بدھ کے روزجاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اس کے ڈرون طیاروں نے امریکی فوج کے، کویت میں علی السالم ایئر بیس پر نصب، پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا ہے۔
ایران نے یہ بیان، کویت مسلّح افواج کے بروز بدھ علی الصبح جاری کردہ اس اعلان کے بعد جاری کیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ملک کے فضائی دفاعی نظاموں نے ’’دشمن کے ڈرونوں‘‘ کا مقابلہ کیا ہے۔ ملک میں سنی جانے والی دھماکوں کی آوازیں فضائی دفاعی نظاموں کی جانب سے حملوں کو ناکام بنانے کا نتیجہ ہو سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ منگل کے روز امریکہ نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کے الزامات کے جواب میں ایران کے جزیرے قشم پر متعدد حملے کیے تھے۔ اس سے قبل بحرین میں امریکی فوج کے زیرِ استعمال ایک ریڈار نظام کو نشانہ بنانے والے ایرانی ڈرونوں کو راستے میں ہی تباہ کر دیا گیا تھا۔
ایرانی رکنِ پارلیمنٹ کی جانب سے جوہری حملے کے جواب میں جوابی کارروائی کی وارننگ
ایرانی رکنِ پارلیمنٹ محمد رضا محسنی ثانی نے منگل کے روز خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کیے تو تہران ’’اسی سطح پر‘‘ جواب دے گا۔
پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے رکن محسنی ثانی نے ایرانی خبر رساں ویب سائٹ 'خبر فوری' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کسی بھی ممکنہ فوجی حملے کا مقابلہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا ہےکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کے طرزِ عمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ کسی بھی ممکنہ صورتحال کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
ایرانی رکنِ پارلیمنٹ نے واشنگٹن کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنے کے امکان پر بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سفارت کاری کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ آیا امریکہ اپنا مؤقف تبدیل کرتا ہے اور اس نتیجے پر پہنچتا ہے کہ جنگ جاری رکھنے کا کوئی مقصد نہیں ہے۔
ریاض کے قریب حوثیوں کا میزائل تباہ کر دیا گیا
دوسری جانب، یمن میں حوثیوں کے خلاف لڑنے والے 'سعودی زیرِ قیادت اتحاد' نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ ریاض کی جانب داغا گیا ایک کروز میزائل راستے میں ہی روک کر تباہ کر دیا گیا ہے۔
اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا ایکس سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ یہ میزائل، ہمارے’’دہشت گرد حوثی ملیشیا‘‘ قرار دیئے گئے گروہ کی جانب سے داغا گیا تھا ۔
یمن میں طویل عرصے سے جاری جنگ 2022 میں جنگ بندی کے بعد بڑی حد تک تھم گئی تھی تاہم موسمِ گرما میں اس میں دوبارہ شدت آ گئی۔ اس دوران حوثیوں نے مزید علاقوں پر قبضہ کرکے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے عارضی دارالحکومت عدن کی جانب پیش قدمی کی تھی۔
اقوام متحدہ کے مطابق، لڑائی دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 1,600 سے زائد افراد ہلاک اور 300,000 سے زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں۔






















