کایا کالاس نے برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت سے قبل صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ یورپی یونین کے رہنماؤں نے 13 نومبر کو مذاکرات میں یورپ کی نمائندگی کے طریقہ کار کا تعین کیا تھا۔ ان کے مطابق، اب وہ وزرائے خارجہ کے ساتھ مشاورت کرکے مذاکرات کے نکات پر کام جاری رکھیں گی۔
کالاس نے کہا کہ روس نے 2021 میں جنگ شروع ہونے سے قبل اپنے مطالبات کی ایک فہرست پیش کی تھی اور اب ماسکو انہی مطالبات کو دوبارہ سامنے لا رہا ہے، بلکہ ان میں مزید مطالبات کا اضافہ بھی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا:’’یہ جنگ جاری رکھنے کا ایک واضح بہانہ ہے۔ ہمیں اس معاملے میں حقیقت پسندانہ رویہ اختیار کرنا ہوگا۔‘‘
کالاس نے بتایا کہ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے ساتھ روس کے زیادہ سے زیادہ مطالبات کے جواب میں یورپی یونین کے مجوزہ مطالبات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ابھی بہت زیادہ کام کرنا باقی ہے۔
یورپ میں پہلے سے موجود سلامتی کے نظام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کالاس نے کہا کہ روس نے ہیلسنکی فائنل ایکٹ اور بڈاپسٹ میمورنڈم سمیت متعدد معاہدوں کے ذریعے اس نظام کو تسلیم کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ روس کی جانب سے معاہدوں کی پابندی نہ کرنا ہے۔لہذاہمیں روس کی جانب سے ایسی ٹھوس رعایتیں دیکھنے کی ضرورت ہے جن سے ثابت ہو کہ وہ ان معاہدوں کی پاسداری کرے گا۔
اولین ترجیح جنگ بندی ہونی چاہیے
انہوں نے کہا:’’ہمیں سب سے پہلے جنگ بندی دیکھنے کی ضرورت ہے۔ کسی بھی دوسرے معاملے پر بات چیت شروع کرنے کے لیے جنگ بندی ضروری ہے۔‘‘
کالاس نے کہا کہ روس کا مؤقف ہے کہ یورپی ممالک نے ابھی تک اسے کوئی پیشکش نہیں کی، جس سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اب یورپ کی ذمہ داری ہے کہ وہ روس کو کچھ پیش کرے۔
انہوں نے مزید کہا:’’حالانکہ جنگ روس نے شروع کی تھی۔ جارحیت کرنے والا روس ہے اور ایک فریق اس جارحیت کا شکار ہے۔‘‘
جب کالاس سے پوچھا گیا کہ کیا یورپی یونین کے زیادہ سے زیادہ مطالبات میں دوسرے ممالک سے روسی فوجیوں کا انخلا بھی شامل ہے تو انہوں نے تصدیق کی کہ جن تمام ممالک میں روسی فوجی اب بھی موجود ہیں، وہاں سے ان کا انخلا بھی مطالبات کی فہرست میں شامل ہے۔






















