بھارتی ریاست مغربی بنگال میں شدید بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ اور ایک پل کے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 24 تک پہنچ گئی ہے۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے کہا کہ شمالی بنگال اور جنوبی بنگال کے کئی علاقے اچانک شدید بارشوں کی وجہ سے زیر آب آ گئے ہیں۔
انہوں نے ایک پوسٹ میں شمالی بنگال میں موجود سیاحوں کو مشورہ دیا کہ جب تک کہ ہماری پولیس انہیں محفوظ طریقے سے نکال نہ لے وہ اپنی اپنی جگہ پر قائم رہیں ۔
لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رونما ہونے والی ریاست کے ضلع دارجلنگ کے رکن پارلیمنٹ راجو بستہ، نے بھی کہا کہ اس علاقے میں 24 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ متاثرین کو ہر ممکنہ مدد فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے ایک پوسٹ میں لکھا، 'دارجلنگ میں پل کے حادثے کے باعث جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہوا۔ جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے میں ان سے افسوس کرتا ہوں اورت زخمیوں کی جلد صحت یابی کی تمنا کرتا ہوں ۔ شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر دارجلنگ اور آس پاس کے علاقوں کی صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔'













