یورپی یونین کے اداروں نے، 21 اگست 2025 کے یورپی یونین۔امریکہ مشترکہ اعلامیے کے ٹیرف سے متعلقہ عناصر کے دو ضوابطِ عمل پر، عارضی اتفاق کر لیا ہے۔
اس اتفاق کو ٹرانس اٹلانٹک تجارتی پیکیج کے بعض حصوں کو باضابطہ شکل دینے اور دونوں شراکت داروں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
یورپی یونین کونسل کی صدارت اور یورپی پارلیمنٹ کے درمیان طے پانے والے اس معاہدے کا مقصد یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان زیادہ مستحکم اور قابلِ پیش گوئی تجارتی تعلقات قائم کرنا اور ایسے حفاظتی اقدامات فراہم کرنا ہے جو یورپی یونین کے اقتصادی مفادات کو خطرہ لاحق ہونے کی صورت میں مناسب ردعمل کو یقینی بناسکیں۔
اس حوالے سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق، پہلا ضابطہ عمل امریکہ کی جانب سے صنعتی مصنوعات پر باقی ماندہ کسٹم ڈیوٹیاں ختم کرتا اور ٹیرف کوٹوں کے ذریعے بعض سمندری خوراک اور غیر حساس زرعی مصنوعات پر رعایتی محصولات سمیت مخصوص امریکی برآمدی مصنوعات کے لیے ترجیحی رسائی کے دائرے کو بھی وسعت دیتا ہے۔
دوسرا ضابطہ عمل بشمول پراسیس شدہ جھینگوں کے جھینگوں کی درآمدات پر عائد کسٹم ڈیوٹی کی مدّتِ معطلی میں توسیع کرتا ہے۔
اس عارضی معاہدے کو قانونی اور تکنیکی طور پر حتمی شکل دیئے جانے کے بعد یورپی یونین کونسل اور یورپی پارلیمنٹ دونوں کی باضابطہ منظوری درکار ہوگی۔
ضوابط کی منظوری کے بعد انہیں سرکاری جریدے میں شائع کیا جائے گا اور ایک دن بعد یہ نافذ العمل ہو جائیں گے۔
جھینگوں سے متعلق اقدام یکم اگست 2025 سے 'مؤثر بہ ماضی' شکل میں نافذ کیا جائے گا۔













