برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور اٹلی کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹ کو فوری طور پر ختم کرے اور موسمِ سرما کے آغاز سے قبل غزہ میں ڈیڑھ لاکھ خیموں اور انتہائی ضروری انسانی امدادی سامان کی ترسیل کی فوری اجازت دے۔
چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ کے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم، غزہ میں سردیوں کی آمد کے ساتھ سنگین ہوتی انسانی صورتِ حال سے بخوبی آگاہ ہیں۔‘‘
وزرائے خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ موسمِ سرما کے پہلے طوفان کے نتیجے میں آنے والے حالیہ سیلاب نے علاقے کے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے لگائی گئی سرحدی پابندیوں کے باعث غزہ میں فوری طور پر درکار رہائشی پناہ گاہوں اور بنیادی امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔
سفارت کاروں نے اس بات پر زور دیا کہ ہنگامی صورتِ حال کی بگڑتی ہوئی حالت کو مزید سخت موسمِ سرما شروع ہونے سے پہلے مکمل طور پر قابو میں لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اسرائیلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اہم سرحدی گزرگاہیں کھولیں اور ’’بہت دیر ہونے سے پہلے‘‘ غزہ میں انسانی امدادی کارروائیوں اور ابتدائی بحالی کے لیے ضروری دوہرے استعمال کی اشیا کی ترسیل کی اجازت دیں۔
غزہ کے لیے جامع منصوبہ
وزرائے خارجہ نے تمام فریقوں سے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ وہ جنگ بندی کی مکمل پابندی کریں، بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کریں اور غزہ کے لیے تیار کردہ جامع منصوبے پر عمل درآمد یقینی بنائیں، تاکہ غیر محفوظ اور کمزور شہری آبادی تک امداد پہنچائی جا سکے۔
شدید بارشوں کے باعث غزہ بھر میں بے گھر افراد کے عارضی خیمہ کیمپ زیرِ آب آ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں بے گھر خاندان شدید سردی اور مستقل گیلے حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ و انسانی امور (OCHA) نے اطلاع دی ہے کہ حالیہ سیلاب سے دو لاکھ سے زائد فلسطینی متاثر ہوئے ہیں، جبکہ عالمی ادارۂ صحت (WHO) نے خبردار کیا ہے کہ تقریباً 9 لاکھ 50 ہزار بے گھر افراد ایسے علاقوں میں مقیم ہیں جہاں سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔
غزہ وزارتِ صحت نے اعلان کیا ہے کہ 10 اکتوبر 2025ء سے اب تک اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں ایک ہزار 643 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ اس طرح اکتوبر 2023ء سے اب تک شہادتوں کی مجموعی تعداد 74 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور شہری بنیادی ڈھانچے کا 90 فیصد حصہ تباہ ہو چکا ہے۔




















