امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کی افزودہ یورینیم کے ذخیرے کو تباہ کرنے کی خاطر یا تو فوری طور پر امریکہ کے حوالے کیا جائے گا یا پھر اس کی موجودگی کے مقام پر یا کسی اور قابلِ قبول جگہ پر تلف کر دیا جائے گا۔
ٹرمپ نے پیر کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "افزودہ یورینیم اور جوہری مواد کو تلف کرنے کے لئے یا تو فوری طور پر امریکہ کے حوالے کیا جائے گایا پھر، ایران کے تعاون سے اور ایٹمی توانائی کمیشن یا کسی مساوی ادارے کی نگرانی اور موجودگی میں، اسی مقام پر یا کسی اور قابلِ قبول جگہ پر تلف کیا جائے گا"۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری جنگ کو ختم کرنے کے لئے کسی معاہدے تک پہنچنے کی کوششیں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔
چین سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پیر کے روز چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ امریکہ اور ایران 'معاہدے کے قریب'پہنچ چکے ہیں۔ یہ بیان ایسے وقت دیا گیا ہے کہ جب اسلام آبادنے، تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالثی کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
روز نامہ چائنا ڈیلی نے چین وزارت خارجہ کے حوالے سے جاری کردہ خبر میں کہا ہے کہ عاصم منیر نے یہ بات پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کے سرکاری دورۂ چین کے موقع پر بیجنگ میں ہونے والی ملاقات کے دوران کہی ہے۔








