ہر ماحولیاتی سربراہی اجلاس کی کامیابی کا اندازہ اس کے نتیجے میں سامنے آنے والی عملی پیش رفت سے لگایا جاتا ہے۔ جب حکومتیں 9 سے 20 نومبر کے درمیان اقوام متحدہ کی سالانہ ماحولیاتی کانفرنس COP31 میں شرکت کے لیے انطالیہ میں جمع ہوں گی، تو کامیابی کا حقیقی پیمانہ یہ ہوگا کہ آیا کیے گئے وعدوں کے اثرات شہروں، بازاروں، کچرا جمع کرنے کے مقامات اور ہمارے گھروں میں موجود کوڑے دانوں تک پہنچنا شروع ہوتے ہیں یا نہیں۔
COP31 کے علاوہ حکومتیں، پیرس معاہدے اور کیوٹو پروٹوکول کے فیصلہ ساز اداروں کے اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گی۔ سائنسی مشاورت کی فراہمی اور عملی اقدامات کی نگرانی کے ذمہ دار یہ دو ماحولیاتی معاون ادارے پہلے ہفتے کے دوران اپنا 65واں اجلاس منعقد کریں گے۔
ترکیہ اس کانفرنس کی میزبانی کرے گا اور ’’ایجنڈا برائے عمل‘‘کی قیادت کرے گا۔ یہ وہ پلیٹ فارم ہے جو حکومتوں کو شہروں، کاروباری اداروں اور سول سوسائٹی کے ساتھ یکجا کرتا ہے۔
ترکیہ اور آسٹریلیا کے مشترکہ شراکتی ماڈل کے تحت آسٹریلوی شہری 'کرس بوون' کو مذاکراتی عمل کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ کرس بوون، ترکیہ کے ساتھ مشاورت میں رہ کر، مذاکراتی عمل کو آگے بڑھائیں گے۔
مذاکرات کا ایجنڈا خاصا طویل ہے۔۔۔
پیرس معاہدے کے تحت حکومتوں کو جن امور پر غور کرنا ہے، ان میں عالمی پیش رفت کا جائزہ، متحدہ عرب امارات کا منصفانہ منتقلی کا ورکنگ پروگرام، شرم الشیخ کا تخفیفِ اثرات سے متعلق ورکنگ پروگرام اور شریک ممالک کے 'این ڈی سی' کہلانے والے 'اپنے قومی ماحولیاتی منصوبوں' کے حوالے سے اضافی رہنما اصول شامل ہیں۔
اس فہرست میں معاہدے کی شق نمبر 13 کے تحت شفافیت سے متعلق رپورٹنگ کے لیے معاونت، عالمی ہدف برائے موافقت ، ماحولیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات اور تباہی، موسمیاتی مالی معاونت اور شق نمبر 6 کے تحت بین الاقوامی تعاون جیسے امور بھی شامل ہیں۔
ان میں سے بعض معاملات انطالیہ میں متوقع کانفرنس تک پہنچنے کے باوجود ابھی تک حل طلب ہیں۔ گزشتہ تکنیکی اجلاس کے ذریعے منصفانہ منتقلی کے ورکنگ پروگرام کو مؤثر بنانے سے متعلقہ کام کو آگے بڑھایا گیا ہے۔ تخفیفِ اثرات کے ورکنگ پروگرام کے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ ہونا باقی ہے کہ آیا اسے جاری رکھا جائے گا یا نہیں، جبکہ قومی ماحولیاتی منصوبوں 'این ڈی سی' سے متعلق رہنما اصولوں کا معاملہ بھی ایک بار پھر مذاکرات کی میز پر آ گیا ہے۔
لہٰذا COP31 کی کامیابی کا انحصار اس کے ایجنڈے کی وسعت پر نہیں بلکہ اس بات پر ہوگا کہ آیا یہ کانفرنس مذاکراتی عمل کو عملی اقدامات سے جوڑنے میں کامیاب ہو پاتی ہے یا نہیں۔
کانفرنس کی صدارت نے اس اجلاس کو مکالمے، اتفاقِ رائے اور عملی اقدامات کے اصولوں کے تحت ترتیب دیا ہے اور اس بات کا اظہار کیا ہے کہ وہ COP31 کے ذریعے وعدوں کو قابلِ پیمائش نتائج میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ کامیابی کا درست پیمانہ بھی یہی ہے۔
اگرچہ ترجیحات کا تعین اہمیت رکھتا ہے تاہم اس عملی کوشش کے مرکز میں ’’صفر فضلہ‘‘کا تصور موجود ہے۔ فضلہ، دَوری اقتصادیات اور میتھین کے اخراج میں کمی، سرکاری مذاکراتی ایجنڈے میں بطور الگ الگ نکات کے شامل نہیں ہیں۔ تاہم یہ COP31 کی صدارت کے باضابطہ ’’ایجنڈا برائے عمل‘‘ کا واضح حصہ ہیں۔ اس ایجنڈے میں صفر فضلہ سے مراد دَوری اقتصادیات کے قابلِ توسیع حل کے ذریعے فضلے کے انتظام میں موجود ماحولیاتی امکانات کو بروئے کار لانا ہے۔ اس کے علاوہ، صدارت کے موضوعاتی شیڈول میں 11 نومبر کو ’’صفر فضلہ کا دن‘‘ قرار دیا گیا ہے، جو سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے پہلے دن کے ساتھ بھی مطابقت رکھتا ہے۔
یہ صورتحال محض ایک تکنیکی تفصیل نہیں بلکہ اس سے کہیں زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ مذاکرات کے نتیجے میں مشترکہ فیصلے، قواعد و ضوابط اور رہنما اصول مرتب کیے جاتے ہیں جبکہ ’’ایجنڈا برائے عمل‘‘ وہ پلیٹ فارم ہے جہاں حکومتیں، شہر، کاروباری ادارے اور سول سوسائٹیاں ان اصولوں کو عملی منصوبوں اور شراکت داریوں میں تبدیل کرتے ہیں۔ تخفیفِ اثرات، ماحولیاتی موافقت یا مالی معاونت کے ساتھ توجہ حاصل کرنے کے پہلووں کے مقابل لانے کی بجائے 'صفر فضلہ کو' ان تینوں شعبوں میں عملی پیش رفت کا ذریعہ بنایا جا سکتا ہے۔
فضلے کا شعبہ قومی ماحولیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے بھی ایک اہم رابطے کا ذریعہ فراہم کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی سیکریٹریٹ کی جانب سے اکتوبر 2025 میں جاری ہونے والی 'این ڈی سی تجزیاتی رپورٹ' میں 64 نئے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا تھا جو 2019 میں عالمی سطح پر خارج ہونے والی گرین ہاؤس گیسوں کے مجموعی اخراج کا تقریباً 30 فیصد تھے۔ تاہم، اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی کے فریم ورک کنونشن (UNFCCC) نے خود بھی خبردار کیا تھا کہ اتنے محدود نمونے کی بنیاد پر عالمی سطح پر جامع نتائج اخذ نہیں کیے جا سکتے۔
شفافیت کے معاملے میں بھی اسی نوعیت کی احتیاط کرنا اور سخت معیار اپنانا ضروری ہے۔ COP31 میں پیش کیے جانے والے، فضلے اور میتھین سے متعلقہ، اقدامات کو اس انداز میں ترتیب دیا جانا چاہیے کہ ان کے نتیجے میں اخراج میں ہونے والی کمی کو ناپا جا سکے، اس کی رپورٹ مرتب کی جا سکے اور اسے قومی سطح پر عملی نظام سے منسلک کیا جا سکے۔ اس طرح یہ اقدامات محض چند الگ تھلگ نمائشی منصوبوں تک محدود رہنے کے بجائے حقیقی اور دیرپا نتائج کا ذریعہ بن سکیں گے۔
صفر فضلہ فاؤنڈیشن کا واضح اور بامعنی کردار عین اسی مقام پر سامنے آتا ہے۔ فاؤنڈیشن کے صدر 'صمد آعر باش' کو COP31 کے لیے اعلیٰ سطحی ماحولیاتی امور کے چیمپیئن کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی ذمہ داری کاروباری دنیا، مالیاتی اداروں، شہروں، علاقائی حکومتوں اور سول سوسائٹیوں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔ یہ عہدہ سرکاری مذاکراتی عمل سے الگ ہے، جن میں فاؤنڈیشن کو براہِ راست کسی قسم کا اختیار حاصل نہیں۔ تاہم، اس کے ذریعے فاؤنڈیشن کے تجربات کو ان تمام متعلقہ فریقوں سے براہِ راست منسلک کیا گیا ہے جنہوں نے COP31 کے وعدوں کو عملی جامہ پہنانا ہے۔
اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (UNEP) نے بھی عالمی سطح پر ماحولیاتی اقدامات میں فاؤنڈیشن کے کردار کو تسلیم کیا ہے۔
اپنے ملک میں فاؤنڈیشن مقامی سطح سے لے کر قومی سطح تک ایک مربوط ماڈل پر کام کر رہی ہے۔ 'استنبول صفر فضلہ ہفتے' کے پروگرام میں شہر کے تمام 39 اضلاع نے شرکت کی اور سرکاری اداروں، مقامی انتظامیہ، جامعات، غیر سرکاری تنظیموں اور نجی شعبے کی جانب سے 1,500 سے زائد منصوبوں کی درخواستیں موصول ہوئیں۔
اسی طرح فاؤنڈیشن کی انطالیہ میں منعقدہ ورکشاپ میں سرکاری اداروں، مقامی انتظامیہ، جامعات، سول سوسائٹیوں، پیشہ ورانہ تنظیموں اور کاروباری دنیا سے تعلق رکھنے والے تقریباً 400 افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے خوراک کے زیاں، پلاسٹک، دَوری صنعت، مالیات اور ڈیٹا جیسے موضوعات پر 16 موضوعاتی گروپوں کی شکل میں کام کیا۔ یہ اعداد و شمار فاؤنڈیشن کی اپنی رپورٹوں سے حاصل کیے گئے ہیں اور ایسے وسیع شراکتی نیٹ ورک کی عکاسی کرتے ہیں جو سربراہی اجلاس کے موضوع کو مقامی سطح پر عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انطالیہ کے ایجنڈے سے پیدا ہونے والا موقع خالصتاً عملی نوعیت کا ہے۔
حکومتیں فضلے اور میتھین کے اخراج میں کمی سے متعلقہ اقدامات کو اپنے قومی ماحولیاتی منصوبوں سے منسلک کر سکتی ہیں۔ شہر خوراک کے زیاں کو روکنے، نامیاتی فضلے کو الگ کرنے اور کچرا ٹھکانے لگانے کے مقامات سے خارج ہونے والی میتھین کو کم کرنے کے لیے قابلِ اعتماد منصوبے تیار کر سکتے ہیں۔ کاروباری ادارے خام مال اور دیگر وسائل کے استعمال کے طریقوں کو نئے سرے سے ترتیب دے سکتے ہیں، مالیاتی ادارے قابلِ پیمائش ماحولیاتی نتائج کا مطالبہ کر سکتے ہیں اور سول سوسائٹی ان پروگراموں کو مقامی سطح پر عوامی قبولیت دلانے میں مدد دے سکتی ہے۔
وفود کو، انطالیہ اجلاس سے، صفر فضلہ پر مبنی ماحولیاتی اقدامات کے لیے ایک سادہ پیمانے کے ساتھ واپس لوٹنا چاہیے۔ پیمانہ یہ ہے کہ وفود فضلے کی پیداوار میں کمی کی شرح پر نگاہ رکھیں، قابلِ توسیع منصوبوں کے لیے مالی وسائل فراہم کریں، کیے گئے اقدامات کی تفصیلات واضح کریں اور مقامی منصوبوں کو قومی وعدوں سے منسلک کریں۔
صفر فضلہ فاؤنڈیشن اور دیگر غیر سرکاری ادارے، فضلہ جمع کرنے والے، سرمایہ کاری کی سمت متعین کرنے والے، اعداد و شمار محفوظ رکھنے والے اور عوامی شمولیت کی تشکیل میں حصہ لینے والے اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے مؤثر ترین کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس طرح وہ ماحولیاتی اقدامات کو محض نمایاں کرنے کی بجائے انہیں قابلِ تصدیق نتائج میں تبدیل کر سکتے ہیں۔
باضابطہ ’’ایجنڈا برائے عمل‘‘ ایسے منصوبوں کی تیاری کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جو میتھین کے اخراج میں کمی لائیں، فضلے کی پیداوار کو روکیں اور دَوری چکر کو مضبوط بنائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ ہر منصوبے کو انہی معیاروں پر پورا اتارا جائے۔
COP31 اجلاس صفر فضلہ کو محض ایک موضوع کے بجائے عملی اقدامات اور نتائج کے حصول کا ایک باقاعدہ طریقۂ کار بنا سکتا ہے۔























