سنگاپور کی مانیٹری اتھارٹی 'MAS' نے ملک کو عالمی سطح پر سونے کی اینٹوں کی تجارت کا ایک اہم مرکز بنانے کے ہدف کے تحت غیر ملکی مرکزی بینکوں اور مالیاتی اداروں کے لیے سونے کے ذخائر محفوظ رکھنے کی نئی سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مانیٹری اتھارٹی نے منگل کے روز جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سٹی اسٹیٹ کے قومی مالیاتی ذخیرے کے اندر قائم اس سہولت کی ابتدائی گنجائش 500 ٹن ہے، جسے طلب میں اضافے کی صورت میں مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔
اس نئی سروس کے ذریعے غیر ملکی مرکزی بینکوں، بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور خودمختار سرکاری عطیات کو سنگاپور میں اپنے سونے کے ذخائر محفوظ رکھنے کا موقع ملے گا۔ اس کے علاوہ، سنگاپور میں قائم منتخب بینکوں کو بھی سونے کے ذخائر سے متعلق اکاؤنٹوں تک رسائی حاصل ہو سکے گی۔
ایشیا میں بڑھتی ہوئی طلب سے استفادے کا ہدف
سنگاپور کے نائب وزیراعظم گان کم یونگ نے اس بات پر زور دیا ہےکہ عالمی سطح پر صارفین کی طرف سے سونے کی سالانہ طلب کا تقریباً 70 فیصد ایشیا سے آتا ہے اور یہ خطہ سونے کی تجارت کا ایک اہم مرکز بنتا جا رہا ہے۔
گان نے کہا ہے کہ چین اور بھارت گزشتہ سال سونے کی اینٹوں اور سکوں کی خریداری میں سرفہرست ممالک میں شامل تھے۔ تاہم، خطے میں سونے کی منڈی کا بنیادی ڈھانچہ اس بڑھتی ہوئی طلب کے مطابق ترقی نہیں کر سکا، جس کے باعث ایشیا کے کاروباری اوقات میں خدمات کی فراہمی کا فقدان ہے۔
سنگاپور میں پہلے ہی 2 ہزار ٹن سے زیادہ گنجائش کے حامل تجارتی خزانے موجود ہیں، جو سونے کی تجارت کرنے والے بینکوں، ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور دولت مند افراد کو خدمات فراہم کرتے ہیں۔ تاہم ملک کا مقصد، اس وقت لندن اور نیویارک جیسے قدیم تجارتی مراکز کی غالبیت والی، عالمی منڈی میں اپنا کردار مزید مضبوط بنانا ہے ۔
اس دوران ہانگ کانگ نے بھی جولائی میں سونے کے تبادلے کے نظام کے تجرباتی منصوبوں کا آغاز کرکے اس شعبے میں اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔
ٹیکس میں چھوٹ اور تبادلے کے نظام کا منصوبہ
سنگاپور سونے کی تجارت کی منڈی کو مضبوط بنانے کے لیے مزید اقدامات بھی کر رہا ہے۔
ٹیکس میں چھوٹ
وزارتِ خزانہ کے اشتراک سے شروع کیے گئے ایک منصوبے کے تحت سونے کی تھوک تجارت سے متعلق بعض سرگرمیوں، مثلاً ذخیرہ کرنے، تصفیے، سونے کی خالصیت جانچ کرنے اور ثالثانہ خدمات فراہم کرنے پر اشیا و خدمات ٹیکس (GST) کی چھوٹ کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ یہ اقدامات آئندہ سال اپریل میں نافذ العمل ہوں گے۔
اوور دی کاؤنٹر (OTC) کلیئرنگ سسٹم
سنگاپور ایکسچینج 'SGX' اور چھ بانی کلیئرنگ بینک مل کر اوور دی کاؤنٹر 'OTC' سونے کے لین دین کے لیے ایک کلیئرنگ سسٹم قائم کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس نظام کے تحت باقاعدہ لین دین 2027 کی پہلی سہ ماہی میں شروع ہونے کی توقع ہے۔
سنگاپور کی مانیٹری اتھارٹی 'MAS' کے مطابق ان اقدامات سے سونے کی ایک زیادہ مستحکم اور وسیع منڈی قائم کرنے، قیمتوں کے تعین کے عمل کو بہتر بنانے اور ایشیا کے کاروباری اوقات کے دوران خطرات کے انتظام کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔























