ترکیہ محکمہ برائے انسدادِ جعلی خبر رسانی (DMM) نے اعلان کیا ہےکہ یوگنڈا مسلّح افواج کے سربراہ کے بارے میں ترک وزارت خارجہ کے لوگو اور لیٹر ہیڈ کے ساتھ جاری کیا گیا بیان جعلی ہے۔
ڈی ایم ایم نے پیر کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "وزارت خارجہ کے نشان اور لیٹر ہیڈ کا استعمال کر کے 'یوگنڈا مسلح افواج کے سربراہ محوزی کینیروگابا کی دھمکیوں کے بارے میں' کے زیرِ عنوان شائع ہونے والا متن مکمل طور پر جعلی ہے۔ کمپالا میں ہمارے سفارت خانے نے اعلان کیا ہے کہ ایسا کوئی بیان یا اعلان ہماری وزارت خارجہ یا سرکاری مواصلاتی ادارے کی ویب سائٹ یا سرکاری ذرائع ابلاغ کے چینلوں پر نہیں ہے۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہےکہ مذکورہ جھوٹی دستاویز کو ڈیجیٹل ذرائع کا استعمال کرکے تیار کیا گیا ہے اور اس کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا ہے۔ بیان میں درخواست کی گئی ہے کہ غیر حقیقی معلومات اور جعلی دستاویزات کے ذریعے پھیلائی جانے والی اس نوعیت کی غلط معلومات پر بھروسہ نہ کیا جائے اور سرکاری معلومات کے لیے صرف جمہوریہ ترکیہ کے متعلقہ سرکاری اداروں کے اشاعتی چینلوں سے رجوع کیا جائے۔























