دنیا
3 منٹ پڑھنے
ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے
بنیامین نیتن یاہو اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران، ایران پر فوجی حملے دوبارہ شروع کرنے کے معاملے پر، شدید اختلافات دیکھے گئے ہیں۔
ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے
COMBO-US-ISRAEL-IRAN-WAR-NETANYAHU-TRUMP

ایران پر فوجی حملوں کے معاملے پر صدر ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔

ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہفتے کے اختتام پر ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کے دوران، ایران پر فوجی حملے دوبارہ شروع کرنے کے معاملے پر ،شدید اختلافات سامنے آئے ہیں۔

اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت نے گفتگو سے واقف ذرائع کے حوالے سے کہا ہےکہ بات چیت کا محور ایران کے خلاف دوبارہ جنگ شروع کرنے کے معاملے پر واشنگٹن اور تل ابیب کے درمیان بڑھتے ہوئے اختلافات تھے۔

ذرائع نے اس گفتگو کو انتہائی کشیدہ قرار دیا اور ایک اندرونی ذریعے نے اسے ’’جہنم سے آنے والی چیخ و پکار ‘‘ سے تعبیر کیا ہے۔

تاہم نیتن یاہو کے دفتر نے فوری طور پر اس تاثر کی تردید کی اور  اختلافات سے متعلقہ  خبروں کو ’’جعلی  اور سراسر بے بنیاد خبریں‘‘ قرار دیا ہے۔

اسرائیل کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت کی تصدیق کی  لیکن دونوں کے درمیان کسی  تلخ کلامی سے انکار کیا ہے۔

یہ بیان فنانشل ٹائمز کی، نیتن یاہو کے تہران کے خلاف فوجی حملے دوبارہ شروع کرنے کے لیے ٹرمپ سے روزانہ رابطہ کر نے سے متعلقہ ،خبر کے بعد سامنے آئے  ہیں۔

اخبار کے مطابق عرب اور مسلم رہنما ،نیتن یاہو کی مسلسل لابنگ پر تشویش کا اظہار کر رہے  اور ٹرمپ پر زور دے رہے ہیں کہ وہ فوجی کارروائیوں کے بجائے سفارتی حل کو ترجیح دیں۔

’’مثبت پیش رفت‘‘

ٹرمپ نے پیر کے روز جاری کردہ بیان میں تصدیق کی تھی  کہ سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت سمیت خلیجی اتحادی  ممالک تہران کے خلاف نئے حملے شروع کرنے کی سخت مخالفت کر رہے ہیں۔

ٹرمپ نے کہا تھا کہ اختلافات ختم کرنے کے حوالے سے ’’مثبت پیش رفت‘‘ ہو رہی ہے اور امریکہ کی جانب سے دوبارہ فوجی کارروائی میں حصہ لینے کا امکان ’’انتہائی کم‘‘ ہے۔

امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے منگل کے روز جاری کردہ بیان میں  کہا تھا کہ واشنگٹن کو دوبارہ وسیع  پیمانے کے فوجی آپریشن شروع کرنے کی کوئی فوری ضرورت محسوس نہیں ہو رہی کیونکہ اقتصادی پابندیاں اپنے مقاصد پورے کر رہی ہیں۔

روبیو نے اس بات پر زور دیا  تھاکہ امریکہ، تہران کے خلاف اپنی اقتصادی مہم جاری رکھے گا۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر ایران نے واشنگٹن کی مقرر کردہ ’’سرخ لکیروں‘‘ کو عبور کیا تو امریکی فوج جوابی کارروائی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

دوسری جانب قطر کے ثالثوں نے منگل کے روز تصدیق کی ہے کہ انہیں واشنگٹن اور تہران دونوں کی جانب سے ابتدائی طور پر مثبت جواب موصول ہوئے ہیں تاہم کسی باضابطہ معاہدے کے حتمی امکانات کے حوالے سے اب بھی غیر یقینی صورت حال برقرار ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران کے خلاف مشترکہ فوجی حملوں کا آغاز کیا تھا۔بعد ازاں سفارتی کوششوں اور واشنگٹن و تہران کے درمیان ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط کے باوجود طویل مذاکرات کسی جامع امن معاہدے تک پہنچنے میں ناکام رہے۔