امریکی امور خزانہ کی ویب سائٹ کے مطابق، امریکہ نے اسرائیل کے زیر قبضہ فلسطینی علاقوں کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر فرانسسکا البانیز کا نام اپنی پابندیوں کی فہرست سے نکال دیا ہے۔
یہ اخراج ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک ہفتہ قبل ایک وفاقی جج نے عارضی طور پر ان پابندیوں کو روک دیا تھا، اور کہاتھا کہ انتظامیہ نے غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی پر تنقید کرنے کے بعد یہ اقدامات اٹھا کر ممکنہ طور پر ان کے اظہارِ رائے کی آزادی کے حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔
البانیز پر اس وقت پابندیاں عائد کی گئی تھیں جب انہوں نے ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں واقع بین الاقوامی فوجداری عدالت کی حوصلہ افزائی کی تھی کہ وہ غزہ میں نسل کشی پر اسرائیلی حکام کے خلاف جنگی جرائم کے مقدمات چلائے۔
انہوں نے ایک رپورٹ بھی لکھی تھی جس میں بڑی امریکی کمپنیوں پر غزہ میں اسرائیل کی "جاری نسل کشی کی مہم" میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا تھا۔
امریکہ نے جولائی 2025 میں البانیز پر پابندیاں عائد کی تھیں جس کی وجہ انہوں نے یہ بتائی تھی کہ وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کو امریکی اور اسرائیلی حکام، کمپنیوں اور مالکان کے خلاف کارروائی کرنے پر اکسا رہی ہیں۔
ان پابندیوں نے ان کے امریکہ میں داخلے اور وہاں بینکنگ کی سہولیات استعمال کرنے پر پابندی لگا دی تھی۔
اس فیصلے کے بعد، امریکی دفتر برائے غیر ملکی اثاثہ جات کنٹرول نے کہا ہے کہ جب تک عدالتی حکم نافذ العمل ہے، وہ البانیز کے خلاف ان پابندیوں پر عمل درآمد یا انہیں نافذ نہیں کرے گا۔












