چین نے کہا ہے کہ "ہم،جی 20 اجلاسوں میں جنوبی افریقہ کی شرکت جاری رہنے کی حمایت کرتے ہیں"۔
ایسے میں کہ جب امریکہ دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کے وزرائے خارجہ کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے چین نے جمعے کے روزجارنی کردہ بیان میں جی 20 اجلاسوں میں جنوبی افریقہ کی شرکت کے دوام کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
بیجنگ میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران چین وزارتِ خارجہ کے ترجمان 'گو جیاکون' نے کہا ہے کہ ’’جی 20 اجلاس، کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے، عالمی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور عالمی نظم و نسق کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔‘‘
گو نے مزید کہا ہے کہ ’’جی 20 بین الاقوامی اقتصادی تعاون کا ایک بنیادی پلیٹ فارم ہے اور جنوبی افریقہ اس کا ایک اہم رکن ہے۔ چین جی 20 سے متعلقہ سرگرمیوں میں جنوبی افریقہ کی شرکت جاری رکھنے کی حمایت کرتا ہے۔‘‘
چینی ترجمان نے یہ بیان ان خبروں سے متعلق سوالات کے جواب میں دیا ہےجن میں کہا گیا تھا کہ جنوبی افریقہ کو امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں جمعے سے شروع ہونے والے جی 20 وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت سے روک دیا گیا ہے۔
اس سے قبل جرمنی کے چانسلر فریڈرک مرز نے بھی اجلاس میں جنوبی افریقہ کی شرکت کی حمایت کی تھی۔
امریکہ نے جنوبی افریقہ کو سربراہی اجلاس سے باہر کر دیا
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نومبر 2025 میں کہا تھا کہ جنوبی افریقہ کو نومبر 2026 میں امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں منعقد ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں مدعو نہیں کیا جائے گا۔
ٹرمپ نے 2025 میں جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں منعقدہ جی 20 رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔
اس وقت وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نے امریکہ کی جانب سے ’’مسلسل اور سخت مخالفت‘‘ کے باوجود موسمیاتی بحران اور دیگر عالمی مسائل پر مشتمل جی 20 رہنماؤں کا اعلامیہ جاری کرنے پر اصرار کیا تھا۔
امریکہ میں جنوبی افریقہ کے سفیر روئلف میئر نے پیر کے روز اپنے بیان میں کہا تھاکہ ان کی حکومت اب میامی سربراہی اجلاس سے خارج کیے جانے پر ’’پریشان نہیں ہے۔‘‘
اخبار ڈیلی ماورک کے مطابق میئر نے کہا تھاکہ جنوبی افریقہ ’’اس معاملے کو پیچھے چھوڑ چکا ہے‘‘ اور اگلے سال جی 20 کی صدارت سنبھالنے والے ملک 'برطانیہ 'کے ساتھ بات چیت شروع کر دی ہے۔
میئر نے مزید کہا ہے کہ جنوبی افریقہ اگلے ماہ واشنگٹن میں منعقد ہونے والے بی 20 سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کرے گا۔



















