دنیا
3 منٹ پڑھنے
امریکہ: ٹرمپ کے ایک تہائی سے زیادہ حامیوں نے ووٹ نہیں دیا
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی ووٹروں کے ایک تہائی سے زیادہ، یعنی 35 فیصد افراد نے رواں سال 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال نہیں کیا: جے ایل پارٹنرز
امریکہ: ٹرمپ کے ایک تہائی سے زیادہ حامیوں نے ووٹ نہیں دیا
US-POLITICS-TRUMP

عوامی رائے عامہ کے جائزے کرنے والے ادارے 'جے ایل پارٹنرز' کی بروز سوموار جاری کردہ رپورٹ  کے مطابق، 2024 میں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی ووٹروں کے ایک تہائی سے زیادہ، یعنی 35 فیصد افراد نے رواں سال 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال نہیں کیا۔ اس کے برعکس، اُس وقت کی نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کمالا ہیرس کے حامیوں میں یہ شرح 22 فیصد رہی۔

رپورٹ کو "سیاسی لہر سے باہر رہ جانا: ووٹروں کی سیاسی وفاداری میں تبدیلی کے بجائے ووٹنگ میں شرکت کی شرح کا نتیجہ تھی" کے عنوان سے جاری کیا گیا اور  اس میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کے حامیوں کی بڑی تعداد ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ اسٹیشنوں تک نہیں پہنچی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ووٹروں کی سیاسی وابستگی تبدیل ہونے سے پہلے ہی ریپبلکن پارٹی عملاً انتخابی میدان میں اپنی اکثریت کھو چکی تھی۔

یہ تجزیہ انتخابی دن ایک ہزار افراد سے کیے گئے سروے اور انتخابی مہم کے دوران ہونے والی 30 ہزار سے زائد گفتگوؤں سے حاصل کردہ اعداد و شمار پر مبنی ہے۔ تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹوں کی برتری میں ہونے والے اضافے کا تقریباً 70 فیصد حصہ ووٹروں کی سیاسی وابستگی تبدیل ہونے کے بجائے، ووٹنگ میں شرکت کی شرح کے فرق کا نتیجہ تھا۔

ڈیموکریٹوں کے حق میں ہونے والی 15 پوائنٹوں کی تبدیلی میں سے 10 پوائنٹ ووٹنگ میں شرکت کی شرح میں فرق کے باعث سامنے آئے۔ اس طرح 2024 میں ریپبلکن پارٹی کو حاصل 2 پوائنٹوں کی برتری کے مقابلے میں 2026 میں ڈیموکریٹوں نے 13 پوائنٹوں کی برتری حاصل کر لی۔ جبکہ باقی 5 پوائنٹوں کی تبدیلی ووٹروں کی سیاسی وابستگی تبدیل ہونے کے نتیجے میں سامنے آئی۔

ٹرمپ کو ووٹ دینے والے ہر 10 میں سے تقریباً ایک ووٹر، یعنی 8 فیصد، نے اپنا سیاسی رخ تبدیل کرکے ڈیموکریٹک امیدواروں کی حمایت کی۔

صدر ٹرمپ کی کارکردگی کو قطعی طور پر مسترد کرنے والے ووٹروں میں ڈیموکریٹوں نے 90 پوائنٹوں کے بھاری فرق سے برتری حاصل کی۔ ڈیموکریٹک ووٹروں میں سے تقریباً 48 فیصد نے بتایا کہ انہوں نے اپنی جماعت کے منشور کی حمایت کے لیے نہیں بلکہ ٹرمپ کی مخالفت میں ووٹ دیا۔

دوسری جانب، سیاسی وابستگی تبدیل کرنے والے ووٹروں میں سے 50 فیصد نے کہا کہ وہ اب بھی ریپبلکن پارٹی کے بارے میں مثبت رائے رکھتے ہیں۔

مہنگائی اور معیشت ووٹروں کی توجہ کے سب سے اہم موضوعات رہے۔ 2026 کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے والے ہر تین میں سے تقریباً ایک، یعنی 33 فیصد افراد نے ان دونوں میں سے کسی ایک مسئلے کو اپنی بنیادی ترجیح قرار دیا۔ جبکہ کسی دوسرے مسئلے کو 9 فیصد سے زیادہ حمایت حاصل نہیں ہوئی۔

جے ایل پارٹنرز کے بانی ڈائریکٹر جیمز جانسن نے کہا ہے کہ ’’اگر ایک بھی ووٹر نے اپنی سیاسی وابستگی تبدیل نہ کی ہوتی، تب بھی ریپبلکن پارٹی ، سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان، دونوں میں اپنی اکثریت کھو دیتی۔

دریافت کیجیے
شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے قیام کی 43 ویں سالگرہ
ٹرمپ سمیت اعلی امریکی حکام ایران کے نشانے پر ہیں:موساد
ٹرمپ،شی اور پوٹن چین میں ملاقات کریں گے:کریملن
آبنائے ہرمز اور مشرقِ وسطیٰ کے سمندری علاقوں میں 134 واقعات کی تصدیق، 25 جہاز ران ہلاک
تحقیق: یورپی یونین کے 11 رکن ممالک میں 71 فیصد افراد ’’یورپی فوج‘‘ کے قیام کے حامی
آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آ گیا
ترکیہ اور قطر کے مابین اعلی سطحی اجلاس اور متعدد معاہدوں پر دستخط
عالمی رہنماؤں کے سیاسی عزم  نے ایک مثبت امید پیدا کی ہے: اردوعان
ہم، اسرائیل کے ساتھ اسلحہ تجارت ختم کرنا چاہتے ہیں: اوبووِچ
تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار
اسرائیلی دعوے "سراسر قیاس آرائی" ہیں: سینٹ کوم
سوڈان: شمالی دارفور سے 5 ہزار 275 افراد ہجرت کر گئے
میں، کیوبا کا معاملہ حل کرنا چاہتا ہوں: ٹرمپ
امریکہ: ٹرمپ اور شی، پوتن کے ساتھ جوہری تخفیفِ اسلحہ پر بات کر سکتے ہیں
ہرمز سے بلا اجازت جو جہاز گزرا ہماری زد میں ہوگا: پاسداران انقلاب