فلپائن کے کوسٹ گارڈ کے دیے گئے بیان کے مطابق، بدھ کی رات مغربی فلپائن میں جزیرہ پالاوان کے قریب ایک مسافر بردار بحری جہاز میں آگ لگنے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 80 سے زائد لاپتہ ہیں۔
کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ پالاوان کے علاقے کورون کے قریب 'ایم وی جون ایسٹر' نامی جہاز میں آگ لگنے کے بعد 43 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
کوسٹ گارڈ کی جانب سے جاری کردہ تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شعلوں نے جہاز کے کچھ حصوں کو لپیٹ میں لے رکھا ہے اور امدادی ٹیمیں لاشوں کو باڈی بیگز میں منتقل کر رہی ہیں۔
کوسٹ گارڈ کی ترجمان کموڈور نومی کیابیاب نے ڈی زیڈ ایکس ایل ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ جہاز کے ریکارڈ کے مطابق اس پر 117 مسافر اور عملے کے 17 ارکان سوار تھے۔
کیابیاب نے بتایا کہ 80 سے زائد افراد لاپتہ ہیں جبکہ انہوں نے واضح کیا کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رہنے کے باعث اس تعداد میں تبدیلی آ سکتی ہے۔
اہلکار نے بتایا کہ یہ فیری منیلا کے علاقے باسیکو سے روانہ ہوئی تھی اور کورون کی طرف جا رہی تھی۔
آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔


















