سیاست
4 منٹ پڑھنے
ترکیہ کے سرکاری گزٹ میں مکہ دفاعی معاہدے کی منظوری سے متعلق قانون شائع
منظور شدہ معاہدے کے تحت تینوں ممالک کے درمیان دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کے علاوہ دفاعی صنعت میں مشترکہ منصوبے بھی تیار کیے جائیں گے۔
ترکیہ کے سرکاری گزٹ میں مکہ دفاعی معاہدے کی منظوری سے متعلق قانون شائع
Türkiye, Suudi Arabistan ve Pakistan Mekke'de ortak savunma anlaşması imzaladı. / TRT Haber

ترکیہ کے سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والے قانون کے مطابق، 7 اگست کو مکہ مکرمہ میں دستخط کیے گئے ’’جمہوریہ ترکیہ، اسلامی جمہوریہ پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے درمیان مشترکہ دفاع کے لیے مکہ معاہدے‘‘ کی توثیق کو موزوںں قرار دے دیا گیا ہے۔

قانون اشاعت کے ساتھ ہی نافذ العمل ہو گیا ہے، جبکہ اس کی شقوں پر عمل درآمد کی ذمہ داری صدرِ جمہوریہ ادا کریں گے۔

دفاعی صنعت اور فوجی تعاون

منظور شدہ معاہدے کے تحت تینوں ممالک کے درمیان دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کے علاوہ دفاعی صنعت میں مشترکہ منصوبے بھی تیار کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں تینوں ممالک کے دفاعی صنعتی اداروں کے درمیان ٹیکنالوجی کے تبادلے، مشترکہ طور پر نئی ٹیکنالوجی کی تیاری اور مشترکہ پیداوار کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

دفاعی شعبے میں مشترکہ پیداوار کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ خصوصی مہارت کی حامل ٹیکنالوجیز میں مشترکہ تحقیق و ترقی کے منصوبے شروع کیے جائیں گے، دفاعی جدت طرازی کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور عسکری صنعت کے لیے افرادی قوت تیار کی جائے گی۔ فریقین دفاعی تحقیق و ترقی اور جدت طرازی کے شعبوں میں اپنی مہارت اور حاصل شدہ تجربات کا بھی تبادلہ کریں گے۔

فوجی تعاون کو فروغ دینے کے لیے دفاعی اداروں کے درمیان اہلکاروں کا باہمی تبادلہ، مشترکہ تربیتی پروگرام اور فوجی مشقیں منعقد کی جائیں گی۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے تینوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی اور مشترکہ کارروائیوں کی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے گا۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ اور انٹیلی جنس کا تبادلہ

معاہدے کے تحت علاقائی اور بین الاقوامی امن و استحکام اور سلامتی کو متاثر کرنے والی دہشت گردی کی تمام اقسام اور مظاہر کے خلاف جاری تعاون اور مشترکہ کوششوں کو عملی اور آپریشنل سطح پر مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

اس میں بین الاقوامی سلامتی کے امور پر فریقین کے درمیان باقاعدہ مشاورت اور اپنے اہم مفادات اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مشترکہ جائزوں کی بنیاد پر انفرادی اور مشترکہ اقدامات کی تیاری بھی شامل ہوگی۔

انٹیلی جنس کے شعبے میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے فریقین معلومات کے تحفظ اور رازداری کے اصولوں کی پابندی کرتے ہوئے باہمی اتفاق سے طے شدہ محفوظ ذرائع کے ذریعے انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ کریں گے۔

معاہدے کے تحت امن، جنگ اور دیگر ہنگامی حالات میں اسلحہ، گولہ بارود، ایندھن، اسپیئر پارٹس اور دیگر فوجی سازوسامان سمیت لاجسٹک معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

اسٹریٹجک سیاسی اور دفاعی کمیٹی کا قیام

دوسری جانب معاہدے کے مطابق اس پر عمل درآمد کی اسٹریٹجک رہنمائی اور فریقین کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اسٹریٹجک سیاسی اور دفاعی کمیٹی قائم کی جائے گی۔

اس کمیٹی میں وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور مسلح افواج کے سربراہان شامل ہوں گے۔ کمیٹی کا اجلاس سال میں دو مرتبہ منعقد ہوگا، تاہم اگر تینوں ممالک کے رہنما ضروری سمجھیں تو یہ اجلاس سال میں ایک مرتبہ بھی منعقد کیا جا سکے گا۔

کمیٹی معاہدے پر عمل درآمد کے دوران پیش آنے والی رکاوٹوں اور مشکلات کا جائزہ لے گی اور ضرورت پڑنے پر ذیلی کمیٹیاں بھی قائم کر سکے گی۔

کمیٹی کے امور کی انجام دہی کے لیے سعودی عرب میں ایک سیکریٹریٹ قائم کیا جائے گا۔ اس سیکریٹریٹ کی سربراہی ایک سیکریٹری جنرل کریں گے، جنہیں تینوں بنیادی فریق ممالک باری باری تین سال کے لیے نامزد کریں گے۔ پہلے سیکریٹری جنرل کا تعلق پاکستان سے ہوگا۔

معاہدے کے مطابق دیگر ممالک کو بھی فریقین کی منظوری سے اس میں شامل کرنے کے طریقہ کار اور شرائط کا تعین کیا جائے گا۔

معاہدے کا نفاذ اور اس سے علیحدگی کا طریقہ کار

معاہدے کے تحت تینوں فریق اس کے نفاذ کے لیے ضروری قومی سطح کے منظوری کے مراحل مکمل کریں گے۔ یہ معاہدہ آخری توثیقی دستاویز کمیٹی کے سیکریٹریٹ میں جمع کرائے جانے کی تاریخ سے نافذ العمل ہوگا۔

معاہدے کو غیر معینہ مدت تک نافذ العمل رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ تاہم، کوئی بھی فریق معاہدے کے نفاذ کی تاریخ سے 10 سال گزرنے کے بعد دیگر فریقوں کو سفارتی ذرائع سے کم از کم تین ماہ قبل تحریری اطلاع دے کر اس سے علیحدگی اختیار کر سکے گا۔

معاہدے کے خاتمے یا کسی ایک فریق کی علیحدگی سے پہلے سے طے شدہ اور جاری سرگرمیاں اور منصوبے متاثر نہیں ہوں گے۔

خفیہ معلومات اور دستاویزات کے تحفظ سے متعلق ذمہ داریاں معاہدے کے خاتمے کے بعد بھی برقرار رہیں گی۔

معاہدے میں یہ ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے کہ فریقین بین الاقوامی امور پر مشترکہ مؤقف اختیار کرنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں میں اپنے تعاون کو مضبوط بنائیں گے اور دفاعی شعبے میں پہلے سے موجود تعاون کے طریقہ کار کو مزید ترقی دیں گے۔

 

دریافت کیجیے
ماحول عدم اعتماد کامگر مذکرات میں پیش رفت کا امکان ہے:زیلنسکی
ترک خواتین کی باسکٹ بال ٹیم نے مونٹی نیگرو کو شکست دے دی
امریکہ کسی مغالطے میں نہ رہے، اسے بھی نشانہ بنا سکتے ہیں:ایران
پاکستان: آنکھوں کے معائنے کے بعد عمران خان کو دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا
ٹی آر ٹی بین الاقوامی دستاویزی فلم ایوارڈ کے لیے درخواستوں کا آغاز ہو گیا
اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے کی فلسطینی زمینوں پر قبضے کے احکامات جاری کر دیئے
ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے
ایران کے ڈر سے امریکی وزیر خزانہ گھر چھوڑ گئے
جنوبی کوریا: بس حادثہ 48 افراد زخمی
کمبوڈیا: اسکول بس تالاب میں جا گری، 5 طالبات ہلاک
سنگاپور نے 500 ٹن گنجائش کا سونے کا خزانہ فعال کر دیا
بحری سلامتی میں تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں:یورپی یونین
نیتان یاہو کا اصرار: امریکہ ایران پر حملے شروع کرے
ترکیہ: مصطفیٰ کمال اتا ترک کی 88 ویں برسی پر سرکاری تقریبات
جرمنی:1 یورو میں ڈونر کباب،ہجوم منتشر کرنے کےلیے پولیس طلب کر لی گئی