اپنے سیٹلائٹ کاروبار کو متحد کرنے کی خواہش مند یورپی ایرو اسپیس کمپنیاں ایئربس، تھالیس اور لیونارڈو بدھ کے روز یورپی یونین کی کمشنر برائے قانونِ رقابت 'ٹریسا ریبیرا' کے ساتھ ملاقات کی ہے۔
یورپی کمیشن کے ایجنڈے میں شامل مذکورہ معلومات کے مطابق یہ تینوں کمپنیاں، ایلن مسک کی کمپنی 'اسٹار لنک' کے ساتھ رقابت کے دائرہ کار میں، اپنی کمپنیوں کو متحد کرکے ایک مشترکہ خلائی کمپنی قائم کرنے کے ابتدائی منصوبے بنا رہی ہیں۔
اس وقت یہ کمپنیاں یورپی یونین کے حکام برائے قوانینِ رقابت کے ساتھ ابتدائی بات چیت کر رہی ہیں۔ یہ بات چیت عام طور پر انضمام کے معاہدوں کی منظوری کے لیے باضابطہ درخواست پیش کرنے سے پہلے کی جاتی ہے۔
گذشتہ ماہ رائٹرز کی، ایک ذریعے کے حوالے سے، شائع کردہ معلومات کے مطابق یہ بات چیت ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور آئندہ سال کے اواخر سے قبل کوئی ٹھوس نتیجہ متوقع نہیں ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ معاملات میں عام طور پر کمپنیوں کے منتظمین اعلیٰ، اپنے معاہدوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے اور ریگولیٹری عمل میں خاص طور پر اینٹی ٹرسٹ خدشات جیسی ممکنہ رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے تجاویز حاصل کرنے کی خاطر، یورپی یونین کے حکام برائے قوانین رقابت سے ملاقات کرتے ہیں۔
ایئربس کے سی ای او نے کہا ہے کہ اگر تھالیس اور لیونارڈو کے ساتھ جاری سیٹلائٹ اتحاد مذاکرات 'ایم بی ڈی اے یورپی میزائل منصوبے' سے مشابہہ شراکت داری کی راہ ہموار کرتے ہیں تو یہ چیز ہمارے لئے باعثِ مسرت ہو گی۔ ہمیں امید ہے کہ یورپی یونین کے اینٹی ٹرسٹ منتظمین ماضی کے مقابلے میں نرم رویہ اختیار کریں گے۔












