یورپی یونین کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین نے بحیرہ اسود میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ترکیہ، رومانیہ اور بلغاریہ کے درمیان سمندری سیکیورٹی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا خیرمقدم کرتی ہوں۔"
ارسلا وان ڈیر لیین نے رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ میں رومانیہ کے صدر نِکوشور دان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
یورپی یونین کے ارکان کی سرحدوں پر رونما ہونے والے بحرانوں کے خلاف کارروائی کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وان ڈیر لیین نے کہا، "بحیرہ اسود میں حال ہی میں پیش آنے والے ہولناک واقعات اس کی ایک اہم مثال ہیں۔"
وان ڈیر لیین نے رومانیہ کے حکام کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو (تلاش اور بچاؤ) کی کارروائیوں کی خاطر 10 ملین یورو کی اضافی فنڈنگ فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
یہ بتاتے ہوئے کہ بحیرہ اسود کی سمندری سیکیورٹی کے مرکز کو فعال کیا جانا چاہیے وان ڈیر لیین نے یاد دلایا کہ یہ خیال سب سے پہلے 2025 کے وسط میں ایجنڈے پر لایا گیا تھا ہ۔
وان ڈیر لیین نے کہا، "اس وقت سے اب تک سیکیورٹی کی صورتحال اس سے کہیں زیادہ تیزی سے خراب ہوئی ہے جتنا کہ ہم سب نے سوچا تھا۔ اس تناظر میں ہم ترکیہ، رومانیہ اور بلغاریہ کے درمیان سمندری سیکیورٹی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔"
وان ڈیر لیین نے اعلان کیا کہ وہ بحیرہ اسود کی سمندری سیکیورٹی کے مرکز سے متعلق کام کو تیز کریں گے، مرکز کی تکمیل کے لیے ایک واضح ٹائم لائن کا تعین کریں گے اور اس مقصد کے لیے 50 ملین یورو کی خصوصی فنڈنگ فراہم کریں گے۔
یوکرین کے امن مذاکرات کے حوالے سے وان ڈیر لیین نے واضح کیا کہ "یوکرین میں جنگ بندی کے بغیر یورپ کے سیکیورٹی ڈھانچے کے بارے میں بامعنی مذاکرات ممکن نہیں ہیں۔ یہ مذاکرات، خاص طور پر نیٹو اتحادیوں اور یورپی یونین کے رکن ممالک کی شمولیت کے ساتھ ایک مناسب پلیٹ فارم پر کیے جانے چاہئیں۔























