اسرائیل نے غزہ پر فضائی حملے کر کے مزید تین فلسطینیوں کو قتل کر دیا ہے۔ان شہادتوں کے ساتھ عید الاضحیٰ کی آمد سے قبل منگل کے روز شہید ہونے والوں کی تعداد9 ہو گئی ہے۔ یہ حملے اسرائیل کی طرف سے ، جنگ بندی کی، مسلسل خلاف ورزیوں میں ایک نیا اضافہ ہیں۔
حملوں میں دکانوں پر مشتمل ایک رہائشی عمارت، غزہ شہر کے مصروف ترین تجارتی علاقے میں واقع ایک اور رہائشی عمارت کی چھت، ایک شہری گاڑی اور غزہ کے وسطی و جنوبی علاقوں میں شہریوں کے اجتماعات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
تازہ حملے میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے مغرب میں واقع محلّے رمال میں ایک رہائشی عمارت پر بمباری کی جس کے نتیجے میں ایک عورت سمیت تین فلسطینی شہید اور 20 زخمی ہو گئے ہیں۔
عینی شاہدوں کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے عمارت پر کئی میزائل داغے جس سے علاقے میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، رمال محلے میں ایک رہائشی عمارت کی چھت کو نشانہ بنانے والے ایک اور اسرائیلی حملے میں مزید پانچ فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔
دھماکوں نے گاڑیوں کو راکھ بنا دیا
اس سے قبل، غزہ کے جنوبی شہر خان یونس کے مغرب میں ایک شہری گاڑی کو نشانہ بنا کر کئے گئے حملے میں دو فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
ایک طبی ذریعے کے مطابق دونوں افراد کی لاشیں شدید جھلسی ہوئی حالت میں ناصر میڈیکل کمپلیکس منتقل کی گئیں اور فوری طور پر ان کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔
عینی شاہدوں کے مطابق ایک اسرائیلی ڈرون نے خان یونس کے المواصی علاقے میں ایک شہری گاڑی کو نشانہ بنایا۔
اس سے پہلے غزہ کے وسطی علاقے میں المغازی پناہ گزین کیمپ کے مشرق میں شہریوں کے ایک اجتماع پر اسرائیلی حملے میں چار فلسطینی شہید ہو گئے تھے۔
فجر کے وقت، خان یونس میں بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی عورت زخمی ہو گئی۔
اسی ذریعے کے مطابق پیر کے روز خان یونس کے مغربی علاقے المواصی میں بے گھر افراد کی قیام گاہ "غایص کیمپ" پر اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے والی 14 سالہ بچی دم توڑ گئی۔
اس حملے میں پہلے ہی ایک بچے سمیت دو فلسطینی عورتیں شہید اور زیادہ تر عورتوں اور بچوں پر مشتمل 30 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
عینی شاہدوں نے مزید بتایا ہے کہ اسرائیلی جنگی بحری جہازوں نے رفح اور خان یونس کے ساحلی علاقوں پر بھی گولہ باری کی، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوئی زخمی نہیں ہوا۔
غزہ وزارتِ صحت کے مطابق، گزشتہ اکتوبر سے جاری جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں منگل تک 906 فلسطینی شہید اور 2 ہزار 747 زخمی ہو چکے ہیں۔













