انڈونیشیا میں 13 ستمبر کو غرقاب ہونے والی فیری میں موجود 52 افراد کی لاشیں کئی دنوں بعد بازیاب ہو گئیں۔
انڈونیشیا نیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے سربراہ محمد شافیلی نے بتایا کہ غوطہ خوروں نے فیری کے شیشے توڑ کر لاشوں تک رسائی حاصل کی۔
شافیلی نے بتایا کہ سمندر کی سطح سے تقریباً 30 میٹر نیچے موجود فیری میں 52 افراد کی لاشیں ملی ہیں اور امدادی کام جاری ہیں۔
بورنئو کے ایک ہسپتال میں منتقل کی گئی لاشیں شناخت کے عمل کے بعد ان کے اہل خانہ کے حوالے کی جائیں گی۔
سورابایا سے مشرقی جاوا جانے والی فیری سے رابطہ 13 ستمبر کو منقطع ہوا تھا، بعد میں فیری کے غرقاب ہونے کا تعین ہوا تھا۔
فیری میں سوار 108 افراد کو بچا لیا گیا تھا، جبکہ 83 افراد لاپتہ بتائے گئے تھے۔
17 ہزار سے زیادہ جزیروں پر مشتمل انڈونیشیا میں کشتیاں اور فیری بوٹس آمد و رفت کا ایک عام ذریعہ ہیں۔

















