دنیا
2 منٹ پڑھنے
سوڈان: شمالی دارفور سے 5 ہزار 275 افراد ہجرت کر گئے
شمالی دارفور کے تین دیہات سے 5 ہزار 35 افراد کے اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں: بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت
سوڈان: شمالی دارفور سے 5 ہزار 275 افراد ہجرت کر گئے
FILE PHOTO: Sudanese refugee from Darfur at the Touloum refugee camp in the eastern Chad, November 30, 2025. / Reuters

سوڈان کی شمالی اور جنوبی دارفور ریاستوں میں گزشتہ تین روز کے دوران 5 ہزار 275 افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت (IOM) نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ادارے کی ٹیموں نے منگل اور بدھ کے روز شمالی دارفور کے علاقے  ام بارو  کے تین دیہات سے 5 ہزار 35 افراد کے اپنے گھر بار چھوڑنے کی تصدیق کی ہے۔

بیان کے مطابق لیل، باگابی اور وادی انبار نامی دیہات سے نقل مکانی کرنے والے زیادہ تر خاندان سرحد عبور کرکے پڑوسی ملک چاڈ میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جنوبی دارفور کے علاقے  'مرشنگ' میں قائم کیمپوں سے بھی پیر سے بدھ کے درمیان 240 افراد نے بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتِ حال کے باعث نقل مکانی کی ہے۔ان خاندانوں کی اکثریت نے شمالی دارفور کے علاقے تاویلا میں پناہ لی ہے۔

بیان میں دونوں علاقوں کی سکیورٹی صورتِ حال کو کشیدہ اور انتہائی غیر مستحکم قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تازہ پیش رفت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت نے 9 نومبر کو بھی اعلان کیا تھا کہ ماہِ رواں کے آغاز سے جنوبی دارفور کے مرشنگ، نیالا اور بالی الشریف سمیت مختلف علاقوں میں ایک ہزار 585 افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

سوڈان میں جاری جھڑپیں

سوڈان میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان اپریل 2023 سے جاری جھڑپوں کے نتیجے میں اب تک دسیوں ہزار افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔

ریپڈ سپورٹ فورسز دارفور کے پانچوں صوبوں کے بیشتر علاقوں پر قابض ہیں، جبکہ شمالی اور مغربی دارفور کے بعض حصے سوڈانی فوج کے کنٹرول میں ہیں۔

دوسری جانب سوڈانی فوج دارالحکومت خرطوم سمیت ملک کی بیشتر دیگر ریاستوں پر اپنا کنٹرول برقرار رکھے ہوئے ہے۔

سوڈان میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان یہ لڑائی فوج میں آر ایس ایف کے انضمام کے معاملے پر اختلافات کے بعد شروع ہوئی تھی جس نے دنیا کے سنگین ترین انسانی بحرانوں میں سے ایک کو جنم دیا ہے۔