صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ اسرائیل کی توسیع پسند پالیسیاں خطے کے لیے بنیادی سلامتی کا خطرہ ہیں۔
"اسرائیلی جارحیت نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ ہمارے خطے کے لیے بنیادی سلامتی کا مسئلہ موجودہ حکومت کی توسیع پسند، قانون شکن اور معیارات کی خلاف ورزی کرنے والی پالیسیاں ہیں۔"
ایردوآن نے جمعرات کو دارالحکومت انقرہ میں الجزائر کے صدر عبدالمجید طبون کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کا اہتمام کیا۔
اس دوران ترک صدر نے کہا کہ "ترکیہ اور الجزائر خطے کی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے پُر تشدد سلسلے کو ختم کرنے میں ایک مشترکہ موقف کے مالک ہیں۔"
طبون نے بھی خطے میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "ہم اسرائیلی قبضے، بین الاقوامی حقوقِ انسانی کی خلاف ورزیاں، لبنان پر اس کے حملوں، اور غزہ میں بربریت بھرے طریقہ کار کی مذمت کرتے ہیں۔"
تعاون میں مضبوطی
اس سے قبل ایردوآن نے صدارتی کمپلیکس میں طبون کا استقبال کیا، جہاں دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
بعد ازاں وہ دوطرفہ معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں شریک ہوئے۔
ایردوآن نے کہا کہ ترکیہ، توانائی، کان کنی، نقل و حمل، اور زراعت سمیت اسٹریٹجک شعبوں میں الجزائر کے ساتھ اپنے تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے پُرامید ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک طویل مدتی توانائی کی ترسیل سکیورٹی، 'خاص طور پر قدرتی گیس' پر تعاون کو فروغ دیتے رہیں گے۔
طبون نے کہا کہ الجزائر اور ترکیہ معاشی روابط میں تنوع لانے اور اپنے 'مشترکہ تاریخی ورثے' کو محفوظ رکھنے کے بھی خواہاں ہیں۔














