اسرائیل کا شمالی غزہ پر حملہ، 8 فلسطینی شہید
اسرائیل، غزہ پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔ شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیا میں اسرائیل نے ایک مکان پر، جس میں بے گھر کنبے پناہ گزین تھے، حملہ کر کے آٹھ فلسطینیوں کو قتل اور سات کو زخمی کر دیا ہے۔
حملے میں بطاح خاندان سے تعلق رکھنے والے ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا۔ گھر میں اشکر اور سویتی خاندانوں کے بے گھر افراد بھی مقیم تھے۔ ہلاک ہونے والوں کی اکثریت عورتوں اور بچوں پر مشتمل ہے۔
سی آئی اے کے ڈائریکٹر بل برنز، فلسطینی گروپ حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے مذاکرات میں تازہ ترین پیش رفتوں پر تبادلہ خیال کے لئے قطر کے دارالحکومت دوحہ کا دورہ کریں گے۔
غزہ میں جنگ بندی پر اسرائیل کے ساتھ بات چیت 'سنجیدہ اور مثبت: حماس
فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں میں دوحہ میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کو "مثبت اور سنجیدہ" قرار دیا ہے۔
ایک مختصر بیان میں حماس نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نئی شرائط عائد کرنا بند کر دے تو معاہدہ ممکن ہے۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں میں حماس کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات میں معاہدے کے حتمی شکل اختیار کرنے کی طرف "پیش رفت" کا اشارہ دیا گیا ہے۔
شام میں اسرائیل کے اقدامات 'انتہائی خطرناک ہیں: یلماز
ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے شام میں اسرائیلی اقدامات بالخصوص مقبوضہ گولان پہاڑیوں سے آگے تک پھیلنے والی کاروائیوں کی مذمت کی، انہیں "انتہائی خطرناک" اور شام کے استحکام کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔
2025 کے بجٹ پر پارلیمانی بحث کے دوران، یلماز نے شام کے استحکام کے ساتھ ترکیہ کی پُر عزم حمایت پر زور دیا اور بیرونی مداخلتوں پر تنقید کی ہے۔
انہوں نے اسرائیل کے اقدامات کو ناجائز قرار دیا اور کہا ہے کہ "کسی بھی ملک کو اور خاص طور پر اسرائیل کو ان لوگوں کو نقصان پہنچانے کا کوئی حق نہیں ہے جو پہلے ہی مصائب برداشت کرتے چلے آ رہے ہیں، نہایت پُر وقار مزاحمت کر رہے ہیں اور اپنے ملک کی تعمیر نو کی کوششوں میں ہیں۔"
یوکرین نے روس کے کیمیائی ہتھیاروں کے سربراہ کو ہلاک کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ماسکو نے کہا ہے کہ اس کا بدلہ لیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز اور اے ایف پی نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ یوکرین کی سکیورٹی سروسز نے ماسکو میں ایک خصوصی آپریشن میں روسی لیفٹیننٹ جنرل ایگور کیریلوف کو ہلاک کر دیا ہے۔
کیف، کیریلوف کو جنگی مجرم قرار دیتا اور اسے یوکرین کی افواج کے خلاف ممنوعہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا حکم دینے کا قصور وار ٹھہراتا تھا۔
کیف، ایگور کیریلوف کو "بالکل جائز ہدف" قرار دیا چکا تھا۔
اس کے جواب میں، روس سلامتی کونسل کے نائب چیئرمین دمتری میدویدیف نے جاری کردہ جواب میں کہا ہے کہ یوکرین قیادت کے خلاف فوری جوابی کارروائی کی جائے گی۔
روس نے افغانستان کے طالبان کو 'دہشت گردی' کی فہرست سے نکالنے پر مبنی بِل کی منظوری دے دی۔
روس کی پارلیمنٹ نے ایک بل کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت ماسکو افغانستان کے طالبان کو کالعدم "دہشت گرد" تنظیموں کی فہرست سے نکال سکتا ہے۔
ریاستی ڈوما نے ، طالبان کو دہشت گرد گروپوں کی فہرست سے نکالنے کے لیے ایک قانونی طریقہ کار کے خاکے پر مبنی، بل کو منظور کر لیا ہے ۔
ڈوما سے منظوری کے بعد یہ بل فیڈریشن کونسل کو منتقل ہو جائے گا اور منظوری کی صورت میں صدر ولادیمیر پوتن کے دستخط کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔
آپ نے ٹی آر ٹی اردو سے دن کی اہم سرخیاں سنیں۔ مزید معلومات آپwww.trt.net.tr/urdu سے ملاحظہ کر سکتے ہیں۔
_1.png?width=1080&format=webp&quality=80)