اسرائیل، غزہ کے رہائشی علاقوں پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے، اور ترکیہ کے صدر اردوعان نے کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور ترکیہ کی جامع اقدار پر زور دیا ہے۔
اسرائیل نے غزہ پر حملوں میں کم از کم 10 فلسطینیوں کوقتل کر دیا۔
طبی ذرائع کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
غزہ شہر کے زیتون محلے میں ایک مکان پر حملے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے ہیں۔ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے کام کر رہی ہیں اوراموات کی تعداد میں اضافے کا خدشہ محسوس کیا جا رہا ہے ۔
صحت کے حکام نے کہا ہےکہ ایک اور واقعے میں، وسطی غزہ کے علاقے نصیرات میں العودہ اسپتال کے قریب صحافیوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار پانچ صحافی شہید ہو گئے ہیں۔
اسرائیل کی نئی شرائط نتیجتاً غزہ جنگ بندی معاہدے میں تاخیر: حماس
حماس نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے نئی شرائط پیش کر دی ہیں جس وجہ سے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی طرف پیش رفت میں تاخیر ہورہی ہے۔
فلسطینی مزاحمتی گروپ نے کہا ہےکہ انخلاء، جنگ بندی کی شرائط، قیدیوں کے تبادلے اور بے گھر افراد کی واپسی سے متعلقہ موضوعات معاہدے کے سامنے حائل رکاوٹیں ہیں۔
درپیش ناکامیوں کے باوجود حماس نے کہا ہےکہ قطر اور مصر کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات سنجیدہ ہیں اور گروپ اس عمل کو آگے بڑھانے کے لیے لچک کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
ماپوتو جیل میں فسادات کے نتیجے میں درجنوں ہلاک، سینکڑوں فرار: موزمبیق پولیس
پولیس جنرل کمانڈر برنارڈینو رافیل کے مطابق موزمبیق کے دارالحکومت ماپوتو کی جیل میں فسادات کے نتیجے میں 33 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔
جیل میں بغاوت کے دوران 1,534 قیدی فرار ہو گئےجن میں سے 150 کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
جیل میں یہ بغاوت پیر کے روز آئینی عدالت کے فیصلے کے بعد ہوئی جس میں حزب اقتدار پارٹی 'موزمبیق لبریشن فرنٹ (فریلیمو) 'کے چیئر مین ڈینیل چاپو کو 9 اکتوبر کو ہونے والے متنازع انتخابات کا فاتح قرار دیا گیا تھا۔
معزول حکومت کی طرف سے اشتعال انگیزی شام میں مظاہروں کا باعث بنی ہے: شامی حکام
حلب میں ایک مذہبی عبادت گاہ کو نقصان پہنچانے کے دعوے کے بعد شام میں مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں۔ تاہم عبوری حکومت نے معزول بشار الاسد حکومت کے حمایتی عناصر کی طرف سے "اشتعال انگیزی" کو بدامنی کی وجہ قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر، مذہبی شخصیت ابو عبداللہ حسیبی کے مزار کو نقصان پہنچانے کی، ویڈیو گردش کر رہی ہیں۔ تاہم، وزارت داخلہ نے کہا ہےکہ یہ ویڈیو مناظر "پرانے" ہیں اور حلب کی آزادی کے وقت سے نامعلوم گروہوں کی طرف سےسوشل میڈیا پر پھیلائے گئے تھے۔
وزارت نے مذہبی مقامات کی حفاظت کے لیے اپنی یقین دہانی کا اعادہ کیا، اور ان ویڈیو مناظر کے پیچھے کارفرما لوگوں پر الزام لگایا کہ وہ ملک کے لیے ایک حساس دور میں "فتنہ برپا" کر رہے ہیں۔
اور آخر میں
اردوعان نے کرسمس کی مبارکباد پیش کی، ترکیہ کی جامع اقدار پر زور دیا
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوعان نے مسیحیوں کو کرسمس کی پرتپاک مبارکباد پیش کی اور ان کے لئے امن، خوشی اور فلاح کی امیدوں کا اظہار کیا ہے۔
اردوعان نے کہا ہےکہ "کرسمس کے موقع پر، میں اپنے مسیحی شہریوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔"
انہوں نے ترکیہ کی جامعیت کی دیرینہ روایت پر بھی زور دیا اور کہا ہے کہ ہمارے ملک میں اصل، نسل، زبان، مذہب یا فرقے کی بنیاد پر شہریوں میں کوئی امتیاز نہیں کیا جاتا ہے۔
آپ نے ٹی آر ٹی اردو سے دن کی اہم سرخیاں سنیں۔ مزید معلومات آپwww.trt.net.tr/urdu سے ملاحظہ کر سکتے ہیں۔

