غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں اپنے بے گھر خاندان کے ساتھ خیمے میں مقیم 10 ماہ کا فلسطینی شیر خوار بچہ کنعان الرقیق شدید سردی کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔
بچے کے والد احمد الرقیق نے جمعرات کے روز بتایا ہے کہ ’’جب میری آنکھ کھلی تو میں نے دیکھا کہ اس کے جسم کی رنگت نیلی پڑ چکی تھی۔ میں جلدی سے اسے ناصر اسپتال لے کر گیا، لیکن ہائپوتھرمیا کے باعث وہ پہلے ہی دم توڑ چکا تھا۔‘‘
بچے کے دادا راشد الرقیق نے انادولو ایجنسی سے گفتگو میں بتایا ہے کہ اپنی اولاد سے محروم ہونے والا خاندان ایک بوسیدہ اور جگہ جگہ سے پھٹے ہوئے خیمے میں زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے۔ بُریدہ خیمے میں بارش کا پانی ان کے کپڑوں، کمبلوں اور بستروں کو مکمل طور پر بھگو دیتا ہے۔
اقوام متحدہ کے حکام کے مطابق اسرائیل، زیرِ محاصرہ غزہ میں، ڈیڑھ لاکھ خیموں، جنریٹروں اور تعمیراتی سامان کی ترسیل میں مسلسل رکاوٹ ڈال رہا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے بدھ کے روز جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ’’ہم، اجازت نامے ملتے ہی، یہ سامان غزہ میں داخل کرنے پر تیار ہیں۔‘‘