ایتھنوسپورٹس ثقافتی میلے کا آغاز پہلی بار ترکیہ سے باہر سعودی عرب میں ہوا ہے۔
ریاض سیزن کے تحت دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والا یہ میلہ روایتی کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کو زائرین کےلیے پیش کر رہا ہے۔
ورلڈ ایتھنوسپورٹس یونین کے زیر اہتمام "عالمی رسم و رواج ریاض میں" کے عنوان سے یہ میلہ 19 سے 28 نومبر تک جاری رہے گا۔
افتتاحی تقریب میں ریاض میں ترکیہ کے سفیر امر اللہ اِشلیر، ورلڈ ایتھنوسپور کنفیڈریشن کے صدر نجم الدین بلال ایردوان، سعودی شاہی دربار کے مشیر اور جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی الشیخ اور رکن فیڈریشنوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ریاض کے علاقے نیو مرباع میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایردوان نے امید ظاہر کی کہ یہ میلہ ترکیہ اور سعودی عرب کے تعلقات کو مضبوط بنائے گا اور تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
ایردوان نے کہا کہ دونوں ممالک کا عقیدہ اور تاریخ مشترک ہے اور ان کے عوام کے درمیان مضبوط رشتے قائم ہیں۔ انہوں نے کہا: "ہمیں احترام، یکجہتی، امن اور اپنی روایات کے لیے محنت کر کے آپس کے رشتوں کو مزید مضبوط کرنا چاہیے۔"
سعودی عرب کی مہمان نوازی اور انتظامات میں کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے ایردوان نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ مختلف روایات، کھیلوں اور ثقافتوں کو یکجا کرنے والا یہ میلہ تاریخ میں اپنی جگہ بنائے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ کشتی، گھڑ سواری اور تیر اندازی اس ثقافتی ورثے کا حصہ ہیں جو حضرت محمد ﷺ سے منسوب ہے۔ ان کے مطابق روایتی کھیل لوگوں کو اپنی جڑوں اور مشترکہ ثقافتی اقدار سے دوبارہ جوڑنے میں مدد دے سکتے ہیں۔















