ترکیہ کے مغربی صوبے ازمیر میں آج ایک پولیس اسٹیشن پر فائرنگ کے حملے میں دو پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے جبکہ ایک 16 سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ازمیر کے بالچووا ضلع کے صالح اِش گورن پولیس اسٹیشن پر نوجوان نے رائفل سے فائرنگ کی۔
وزیر داخلہ علی یرلی کایا نے کہا کہ شہر کے مغرب میں واقع ضلع بالچووا میں پولیس اسٹیشن پر ہونے والے 'گھناؤنے' حملے میں دو پولیس اہلکار شہید اور تیسرا 'شدید زخمی' ہوا جبکہ ایک 'معمولی زخمی' ہوا ہے ۔
یرلی کایا نے ایکس پر لکھا کہ اس واقعے کے مشتبہ 16 سالہ نو عمر کو گرفتار کر تے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
زخمی افسر کو نو ستمبر یونیورسٹی اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے ۔
وزیر انصاف یلماز تنج نے اعلان کیا ہے کہ ازمیر چیف پبلک پراسیکیوٹر آفس کی جانب سے حملے کی عدالتی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیر قانون نے مسلح حملے کی مذمت کرتے ہوئے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ازمیر چیف پبلک پراسیکیوٹر آفس کی جانب سے واقعے کے بارے میں فوری عدالتی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور 2 ڈپٹی چیف پبلک پراسیکیوٹرز اور 6 پبلک پراسیکیوٹرز کو تعینات کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے فوری طور پر پورے علاقے میں حفاظت کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ ازمیر کے میئر جمیل توگائے نے اس حملے کی مذمت کی اور ایکس پر ایک پوسٹ میں شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔