جرمنی کے دارالحکومت برلن کے ضلع لیخٹن برگ کے ایک اسپتال میں اتوار کی شب ایک مریض کے کمرے میں آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے میں 15 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔
برلن فائر بریگیڈ حکام کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق آگ اسپتال کی عمارت کے ایک حصے کی پہلی منزل پر لگی۔ دھواں تیزی سے عمارت کے دیگر حصوں میں پھیل گیا، جس کے باعث پورے اسپتال کو خالی کرا لیا گیا۔ امدادی ٹیموں نے آگ بجھانے کی کوشش کے ساتھ ساتھ اس پہلو کو بھی نگاہ میں رکھا کہ کوئی شخص عمارت کے اندر نہ رہ جائے۔
برلن فائر بریگیڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’زخمیوں میں سے ایک انتہائی تشویشناک حالت کےشخص اور ایک شدید زخمی شخص کو طبی عملے کی نگرانی میں دیگر اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا اور13 معمولی زخمی افراد کو جائے وقوعہ پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔‘‘
فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے آگ بجھانے اور عمارت سے دھواں نکالنے کے بعد جائے وقوعہ کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
تاحال آگ لگنے کی وجہ سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔















