امریکہ کی بڑی بڑی بندرگاہیں اور شپنگ کمپنیاں، عالمی تجارتی راستوں اور توانائی کی فراہمی میں خلل ڈال سکنے کی حد تک، بڑےسائبر حملوں کی لہر کا سامنا کر رہی ہیں۔
فنانشل ٹائمز کی اتوار کے روز شائع کردہ خبر کے مطابق امریکی بندرگاہیں اور شپنگ کمپنیاں سائبر حملوں کی بتدریج شدّت اختیار کرتی لہر کا سامنا کر رہی ہیں۔ حملوں کی یہ لہر عالمی تجارتی راستوں اور توانائی کی فراہمی میں خلل ڈال سکنے کی حد تک شدید ہے۔
خام تیل کی برآمدات کے لیے امریکہ کا سب سے بڑا راستہ سمجھی جانے والی ریاست ٹیکساس کی کورپس کرسٹی بندرگاہ سے روزانہ تقریباً 23 لاکھ بیرل تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔ یہ بندرگاہ روزانہ سائبر حملوں کی سینکڑوں بلکہ ہزاروں کوششوں کا نشانہ بنتی ہے۔
بندرگاہ کے چیف ایگزیکٹو کینٹ برٹن نے کہا ہے کہ ہیکر، کمپیوٹر نیٹ ورکوں میں موجود حفاظتی خامیوں کا سراغ لگانے کی کوشش کرتے ہیں اور کمپیوٹروں تک غیر مجاز رسائی کے لیے بھیجے جانے والے جعلی پیغامات میں اعلیٰ عہدے داروں کی نقالی کرتے ہیں۔
ان حملوں میں خودکار طریقے سے پاس ورڈوں کا اندازہ لگانے کی کوششوں سے لے کر ڈیٹا چوری کرنے یا اسے تباہ کرنے کی زیادہ پیچیدہ کاروائیاں بھی شامل ہیں۔
لاس اینجلس بندرگاہ نے کہا ہے کہ اگست کے مہینے میں سائبر حملوں کی 12 کروڑ کوششوں کو ناکام بنایا گیا۔ یہ تعداد 2023 میں ریکارڈ کی جانے والی ماہانہ اوسط کے مقابلے میں تقریباً دو گنا ہے۔ امریکی کوسٹ گارڈ نے بھی اطلاع دی ہے کہ گزشتہ سال بحری شعبے کو نشانہ بنانے والے سائبر واقعات میں 17 فیصد اضافہ ہوا۔
کوسٹ گارڈ اور ایف بی آئی نے اگست میں دو ایسے آئل ٹینکروں پر ہونے والے سائبر حملوں کی تحقیقات بھی کیں جو بحیرۂ روم سے خام تیل اور مائع پیٹرولیم گیس لے کر امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر گیلوسٹن جا رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق آبنائے جبرالٹر کے قریب ان جہازوں کے نیٹ ورکوں کی سکیورٹی متاثر ہوئی تھی۔ اس واقعے کے بعد 21 اور 24 اگست کو سکیورٹی تحقیقات شروع کی گئیں تاہم حکام نے ان حملوں کے ذمہ داروں کے نام عوام کے سامنے ظاہر نہیں کیے۔














