قزل ایلما نے عالمی میڈیا میں دھوم مچا دی ہے۔
ترکیہ کا پہلا بغیر پائلٹ جنگی طیارہ قزل ایلما باضابطہ طور پر فوجی بیڑے میں شامل ہو گیا ہے۔ پہلے تین طیاروں کی سکیورٹی فورسز کو حوالگی کو بین الاقوامی میڈیا میں وسیع کوریج ملی ہے۔
امریکی دفاعی ذرائع ابلاغ نے بھی قزل ایلما کی صلاحیتوں اور اس کی فوجی اہمیت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
فضائی و دفاعی امور کے معروف جریدے ایوی ایشن ویک (Aviation Week) نے اس پیش رفت کو اس سرخی کے تحت شائع کیا:’’ترک فوج نے بائیکار قزل ایلما وصول کر لیا۔‘‘
جریدے نے بائیکار کے اس بیان کو بھی نمایاں کیا جس میں کہا گیا کہ کمپنی نے عالمی ہوا بازی کی تاریخ میں ایک نئی مثال قائم کی ہے۔
امریکہ میں قائم خبر رساں ادارے المانیتور (Al-Monitor) نے بھی قزل ایلما کی فوجی بیڑے میں شمولیت کو ترکیہ کی فضائی طاقت میں اضافے اور اس سے حاصل ہونے والی نئی صلاحیتوں کے تناظر میں پیش کیا۔
قزل ایلما کی فوجی بیڑے میں شمولیت یونانی میڈیا میں بھی موضوعِ بحث بنی۔
دفاعی امور کے جریدے آن الرٹ (OnAlert) نے رپورٹ کیا کہ قزل ایلما اب تک 600 آزمائشی اور تربیتی پروازیں مکمل کر چکا ہے۔
یونانی جریدے پٹسی نے قزل ایلما کی فضاء سے فضاء میں لڑائی کی صلاحیت اور پائلٹ والے جنگی طیاروں کے ساتھ مشترکہ فوجی آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت کا جائزہ لیا۔
دوسری جانب روسی خبر رساں ادارے ای اے ڈیلی نے اس پیش رفت کو ’’روایتی ہوا بازی کے لیے چیلنج‘‘ کی سرخی کے تحت شائع کیا۔
روسی ادارے نے پہلے تین قزل ایلما طیاروں کی حوالگی کے ساتھ ساتھ اس جنگی طیارے کی مستقبل کی صلاحیتوں اور ممکنہ کردار پر بھی روشنی ڈالی۔













