غّزہ جنگ
2 منٹ پڑھنے
غزہ کی وزارتِ صحت: "غزہ میں 2025 میں ہلاکتوں کی تعداد 2022 کے مقابلے میں 4 گنا سے بھی زیادہ ہے"
غزہ میں 2022 میں اموات کی تعداد 6 ہزار 61 تھی، جو 2025 تک بڑھ کر 24 ہزار 650 ہو گئی۔ ان کے مطابق اس تعداد میں اسرائیلی حملوں، بیماریوں اور حادثات میں جان کھونے والے افراد شامل ہیں۔
غزہ کی وزارتِ صحت: "غزہ میں 2025 میں ہلاکتوں کی تعداد 2022 کے مقابلے میں 4 گنا سے بھی زیادہ ہے"
محاصرہ زدہ غزہ کی پٹی میں پانی کا بحران جاری ہے (آرکائیو) / Anadolu Agency (Wire)
 

غزہ کی وزارتِ صحت کے ڈائریکٹر جنرل منیر البرش کا کہنا ہے کہ غزہ میں 2025 کے دوران اسرائیلی حملوں اور بیماریوں سمیت مختلف وجوہات سے ہونے والی اموات کی تعداد 2022 کے مقابلے میں چار گنا سے زیادہ ہو گئی ہے۔

منیر البرش نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری  کردہ بیان میں خبردار کیا کہ علاقے میں گردن توڑ کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور پینے کے پانی کے آلودہ ہونے سے صحت اور ماحولیات کا بحران مزید گہرا ہو گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ غزہ میں 2022 میں اموات کی تعداد 6 ہزار 61 تھی، جو 2025 تک بڑھ کر 24 ہزار 650 ہو گئی۔ ان کے مطابق اس تعداد میں اسرائیلی حملوں، بیماریوں اور حادثات میں جان کھونے والے افراد شامل ہیں۔

البرش نے خبردار کیا کہ غزہ میں سیوریج کا نظام تباہ ہو چکا ہے اور گندے پانی کو صاف کرنے والے پلانٹس کام نہیں کر رہے۔ علاوہ ازیں  بارشوں کے باعث سیوریج کا پانی پینے کے پانی میں شامل ہونے کا خطرہ بھی ہے، جس سے بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ پانی اور سیوریج کے بنیادی ڈھانچے کی تباہی سے انفیکشن کا خطرہ بڑھا ہے، ناقص غذائیت کی وجہ سے بچے بیماریوں کے سامنے زیادہ کمزور ہو گئے ہیں، جبکہ اسپتالوں کے غیر فعال ہونے اور ادویات کی قلت کے باعث بروقت تشخیص اور علاج مشکل ہو گیا ہے۔

منیر البرش نے عالمی برادری، عالمی ادارۂ صحت اور اقوامِ متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف) سے اپیل کی کہ وہ ایندھن اور پانی و سیوریج کے نظام کی مرمت کے سازوسامان کی علاقے میں ترسیل یقینی بنانے اور صفائی کے پلانٹس چلانے کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے بے گھر خاندانوں کے لیے پانی کو جراثیم سے پاک کرنے کا سامان اور حفظانِ صحت کے کٹس، جبکہ اسپتالوں کے لیے لیبارٹری کا سامان اور ادویات فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

البرش نے کہا: "غزہ میں کسی بچے کے تحفظ کا آغاز صاف پانی اور ایسے اسپتال سے ہوتا ہے جہاں بیمار ہونے پر اس کا معائنہ اور علاج کیا جا سکے۔"

واضح رہے کہ غزہ پٹی کی وزارتِ صحت نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ علاقے میں گردن توڑ  کے کیسز میں غیر معمولی اور تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔

 

 

دریافت کیجیے
قزل ایلما نے عالمی میڈیا میں دھوم مچا دی
میں خود کو احمق محسوس کر رہا ہوں: مسک
ترکیہ کا تحقیقاتی بحری جہاز ’’اورچ رئیس‘‘ پاکستان روانہ گیا
دفاعی معاہدے کا مقصد ترکیہ اور قطر کی خودمختاری کا تحفظ کرنا ہے: ترکیہ وزارتِ دفاع
یورپی یونین کمیشن پر سائبر حملہ
نتن یاہو کو بڑا دھچکا: اسرائیلی پارلیمنٹ نے متان کہانا کو نیا اسپیکر منتخب کر لیا
ایران: ہم نے کویت میں امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا ہے
مارکوروبیو:اہم بنیادی ڈھانچے میں تعطل کا سائبر حملوں سے کوئی تعلق نہیں ملا
ترکیہ: "کوپ 31 انطالیہ۔غزہ موسمیاتی راہداری" قائم کی جائے
مغربی کنارے میں غیر قانونی یہودی بستیوں کے معاملے پر آسٹریلیا کی اسرائیلی شہریوں پر پابندیاں
امریکہ کے ایران کے جزیرہ قشم پر متعدد حملے
روس:یوکرین نے ایک بار پھر کریمیا پل کو نشانہ بنایا ہے
امریکہ: ٹرمپ کے ایک تہائی سے زیادہ حامیوں نے ووٹ نہیں دیا
وزیر خارجہ حاقان فیدان: ترکیہ کے مرکزی کردار کو ہر کوئی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے
ٹرمپ، ایران کے ساتھ جنگ کو لمبا نہیں ہونے دیں گے: وینس