مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی آج بروز بدھ تین روزہ سرکاری دوروں کے پہلے مرحلے میں جنوبی کوریا پہنچ گئے ہیں۔جنوبی کوریا میں اپنی سرکاری مصروفیات کے دوران وہ، صدر لی جے میونگ کے ساتھ، سربراہی سطح کے مذاکرات کریں گے۔
مصر ایوانِ صدر کے مطابق السیسی نے،دورہ ایشیا کے پہلے مرحلے میں، سیئول ایئر بیس پر لینڈ کیا۔ دورے کے اگلے مراحل میں وہ ملائیشیا اور انڈونیشیا جائیں گے۔
جنوبی کوریا کی خبر ایجنسی 'یونہاپ ' نے جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر کے حوالے سے کہا ہےکہ مصر کے صدر کو اس دورے کی دعوت صدر لی جے میونگ نے دی تھی اور دونوں رہنماؤں کی ملاقات جمعرات کو طے ہے۔
توقع ہے کہ مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے اور رسدی زنجیر سمیت شعبہ اقتصادیات میں تعاون اوردو طرفہ عوامی روابط کو فروغ دینے کےپہلووں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
جنوبی کوریا کے صدارتی ترجمان کانگ یو جونگ نے کہا ہے کہ علاقائی سیاسی پیش رفت اور دیگر بین الاقوامی امور بھی مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہوں گے۔
دوطرفہ تعلقات کا فروغ
سیئول نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ دورہ مصر کے ساتھ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک لے جانے اور افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ میں تعاون کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ یہ دورہ 2016 کے بعد السیسی کا پہلا دورہ جنوبی کوریا ہے۔ دونوں رہنماؤں کی آخری ملاقات نومبر 2025 میں قاہرہ میں، صدر لی کے دورہ مصر کے دوران، ہوئی تھی ۔
دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی صنعت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دے رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ مزید قریبی ثقافتی و تعلیمی روابط قائم کرنے کا بھی ہدف رکھتے ہیں۔



















