اسرائیلی سرکاری ٹیلی ویژن کان کی خبر کے مطابق، اسرائیل کے عبوری وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے واشنگٹن پر زور دیا ہے کہ ایران کے خلاف 4 سے 7 دن تک جاری رہنے والی مشترکہ فضائی کارروائی کی جائے۔ اس دباؤ کی وجہ یہ خدشہ بتایا گیا ہے کہ امریکہ سال کے اختتام سے پہلے خطے میں اپنی عسکری موجودگی کم کر سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو، جن پر اپوزیشن لیڈر گاڈی آئزن کوٹ کی حکومت سازی کی کوششوں کو روکنے کی کوشش کا الزام بھی بیان کیا گیا ہے، ایران کے خلاف نئے حملوں پر ُمصر کر رہا ہے۔
دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ تل ابیب کی سیاسی قیادت اور اسرائیلی فوج کی اعلیٰ کمان کے درمیان حملے کے وقت اور اہداف کے بارے میں اختلافِ رائے پایا جاتا ہے۔
کان سے گفتگو کرتے ہوئے ایک اعلیٰ اسرائیلی عہدیدار نے کہا کہ نیتن یاہو جس حملے کی حمایت کر رہے ہیں وہ ایران کی عسکری صلاحیت کو نقصان تو پہنچائے گا، تاہم "اس سے حکومت کا خاتمہ نہیں ہوگا"۔
اسرائیلی چیف آف جنرل اسٹاف ایال زامیر نے زور دیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے بغیر کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے خبردار بھی کیا کہ اس صورت میں اسرائیل ایک طویل اور تھکا دینے والی جنگ میں الجھ سکتا ہے۔
اخبار معاریو سے بات کرتے ہوئے اسرائیلی عسکری ذرائع نے کہا کہ ماضی میں امریکا اور اسرائیل کے دو الگ الگ حملوں کے برعکس، اس بار ایران کو بے خبری میں پکڑنے کا امکان نہیں ہے، اور پہلا وار تہران کی جانب سے بھی ہو سکتا ہے۔
خبر کے مطابق ممکنہ امریکی حملے سے قبل رازداری برقرار رکھنے کے لیے اسرائیلی فوج اور ہوم فرنٹ کمان نے ایک خصوصی پروٹوکول تیار کیا ہے۔
اس کے تحت، امریکا کی جانب سے حملے کے فیصلے سے تل ابیب کو آگاہ کیے جانے کے بعد بھی اسرائیلی عوام کو خبردار نہیں کیا جائے گا۔ صرف سول طیاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے فضائی کمپنیوں کے منتظمین اور توانائی کے شعبے جیسے اہم میدانوں کے محدود تعداد کے عہدیداروں کو مطلع کیا جائے گا۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہوم فرنٹ کمان کے تحت امدادی بٹالینز کو بظاہر دوسرے کاموں کے بہانے اسٹریٹجک مقامات پر منتقل کیا جائے گا، جبکہ عوام کو ایران پر پہلی حملہ لہر مکمل ہونے کے بعد ہی نشریاتی اداروں کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں کہا تھا کہ انہیں ایران کے معاملے میں کوئی جلدی نہیں ہے۔ ان کے الفاظ تھے: “میں ایران کے بارے میں کوئی فیصلہ عجلت میں نہیں کروں گا۔ نئے سال کے بعد دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے۔”













