ترکیہ
32 منٹ پڑھنے
یمن میں فوج بھیجنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا: فیدان
یمن کی صورتحال مکہ دفاعی اتحاد کے لیے ایک اہم چیلنج ہے کیونکہ یمن میں جاری بحران سعودی عرب کی سلامتی کے لیے خطرہ بن رہا ہے: وزیر خارجہ خاقان فیدان
یمن میں فوج بھیجنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا: فیدان
Hakan Fidan accorde un entretien à TRT Haber / Anadolu Agency (Wire)
 

ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان نے کہا ہے کہ ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوٹن کی ملاقات عالمی استحکام کے لیے اہم ہے

وزیر خارجہ فیدان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی چین میں سہ فریقی ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔

فیدان کے مطابق دوسری جنگ عظیم کے بعد قائم ہونے والا عالمی نظام اب بدلتی ہوئی سیاسی، معاشی اور تکنیکی صورتحال سے مطابقت نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا  ہےکہ ٹرمپ انتظامیہ امریکہ کی عالمی حکمت عملی پر نظرثانی کرتے ہوئے اپنے روایتی عالمی کردار اور اتحادیوں کے ساتھ تعلقات میں تبدیلی لا رہی ہے۔ امریکہ اب اپنی پالیسی میں ’’سب سے پہلے امریکہ‘‘ کو ترجیح دیتے ہوئے عالمی ذمہ داریوں کا بوجھ تنہا اٹھانے کے لیے تیار نہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ تینوں بڑی طاقتوں کے سربراہوں کا ایک میز پر بیٹھ کر عالمی مسائل پر بات کرنا اہم ہے، چاہے فوری طور پر ان مسائل کا حل نہ نکلے۔ کم از کم اس طرح بحرانوں کو مزید سنگین ہونے سے روکنے اور مشترکہ مفادات تلاش کرنے کا موقع ملتا ہے۔

فیدان نے جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے تینوں رہنماؤں کی جانب سے مشترکہ اصول وضع کرنے کی کوشش کا بھی ذکر کیا، تاہم ان کے خیال میں اس ملاقات سے کوئی بڑا عملی اقدام سامنے آنے کا امکان کم ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہےکہ ملاقات میں عالمی تجارت اور بین الاقوامی فوجداری عدالت کے کردار پر بھی بحث ہوئی۔ ان کے مطابق تینوں ممالک کا مؤقف اس جانب اشارہ کرتا ہے کہ وہ بین الاقوامی عدالتی نظام کے بجائے اپنے درمیان طے پانے والے اصولوں کو زیادہ اہمیت دینا چاہتے ہیں۔

فیدان نے اس ملاقات کو یالٹا کانفرنس سے تشبیہ دینے کو مبالغہ آرائی قرار دیا۔

دوسری جانب آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مذاکراتی عمل جاری ہے، تاہم بعض رکاوٹوں کے باعث پیش رفت تعطل کا شکار ہے۔ فریقین کے درمیان پیغامات اور مطالبات کا تبادلہ بدستور جاری ہے۔

امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدہ عالمی مالیاتی بحران میں کمی کے لیے اہم ہے

ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان نے کہا ہے کہ انہوں نے قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمٰن ال ثانی سے بات چیت کی ہے اور اس سلسلے میں سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

فیدان نے امید ظاہر کی کہ یہ کوششیں کامیاب ہوں گی اور کہا ہے کہ ترکیہ بھی اپنی جانب سے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدہ صرف آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے ہی اہم نہیں بلکہ اس سے عالمی مالیاتی بحران کی شدت میں بھی کمی لائی جا سکتی ہے۔

فیدان کے مطابق جنگ اور مذاکرات میں تعطل کے باعث متعدد ممالک کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ اس تنازعے کا معاشی بوجھ روز بروز بڑھ رہا ہے اور اس کے تباہ کن اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا  ہےکہ تمام فریق اس بحران کے حل کے لیے اپنی اپنی سطح پر کوششیں کر رہے ہیں۔

فیدان: امریکہ اور اسرائیل کے انتخابی نتائج پر نیتن یاہو کی پالیسیوں کے اثرات نمایاں ہیں

ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان نے امریکہ اور اسرائیل میں انتخابی عمل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے انتخابی نتائج میں اسرائیل، بالخصوص وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کی پالیسیوں کا اہم کردار نظر آتا ہے۔

فیدان کے مطابق ٹرمپ کے ساتھ امریکی دائیں بازو کی جانب سے پیش کیے جانے والے نئے سیاسی منصوبوں میں، خاص طور پر تارکین وطن کے معاملے پر بعض اندرونی مسائل کے باوجود، امریکی عوام کو یہ باور کرانا ممکن تھا کہ حکومت قومی مفادات کا تحفظ کر رہی ہے۔

تاہم، جب امریکہ کسی دوسرے ملک کے مفادات کے لیے جنگ میں فریق بن جاتا ہے تو اس کی پالیسیوں پر اسی بنیادی دعوے کی روشنی میں سوال اٹھنے لگتے ہیں۔

انہوں نے اس صورتحال کو ایک اہم سوال کے ذریعے بیان کیا: ’’امریکہ فرسٹ یا اسرائیل فرسٹ؟‘‘

امریکہ کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے فیدان نے یاد دلایا کہ گزشتہ کئی برسوں سے ریپبلکن اور ڈیموکریٹک، دونوں جماعتوں کی حکومتوں کا رویہ تقریباً یکساں رہا ہے۔

انہوں نے کہا:

’’اب جو نئی ٹیم اقتدار میں آئی ہے، وہ خاص طور پر ڈیموکریٹس کے سابقہ نقطۂ نظر کو بھی مسترد کرتی ہے۔ یہ ٹیم جنگوں کی مخالف ہے اور اس نے مشرقِ وسطیٰ میں غزہ کی نسل کشی کو نہ صرف سمجھا ہے بلکہ اسے گہرائی سے محسوس بھی کیا ہے۔ وہ اس معاملے میں اصولوں کی عدم پاسداری سے پیدا ہونے والے اخلاقی اور اقداری بحران کو بھی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔

امریکی دائیں بازو میں، خصوصاً حکومتی حلقوں میں، مشرقِ وسطیٰ سے متعلق ایسی پالیسیوں پر شدید تنقید پائی جاتی ہے جو امریکہ کے مفادات کو مرکزیت نہیں دیتیں۔ یقیناً نیتن یاہو کی پالیسیوں نے جن لوگوں کو بھی متاثر کیا، انہیں اپنے ساتھ نیچے دھکیل دیا۔ یہ ایک متوقع اور قابلِ فہم صورتحال تھی۔‘‘

فیدان نے کہا کہ ان پالیسیوں کی قیمت ہمیشہ غزہ اور مشرقِ وسطیٰ کے عوام نے چکائی ہے۔ ہم نے نسل کشی اور انسانی امداد کی عدم فراہمی کے باعث لوگوں کو درپیش مشکلات کا مشاہدہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال میں براہِ راست یا بالواسطہ طور پر ملوث اور معاونت کرنے والے تمام فریقوں کو سیاسی یا کسی دوسری صورت میں قیمت چکانا پڑی ہے اور انہیں آئندہ بھی اس کا سامنا کرنا پڑے گا۔

فیدان نے کہا، ’’غزہ میں شہید ہونے والوں کا خون شاید اسی وقت نسل کشی کو نہ روک سکا ہو، لیکن دنیا میں یہ خون بہت کچھ تبدیل کرے گا۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ یہ تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔‘‘

امریکہ اور ترکیہ کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے فیدان نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان انتہائی مضبوط تعلقات ہیں، جو سربراہانِ مملکت کی سفارت کاری کی ایک نمایاں مثال ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان عوامی سطح پر زیرِ بحث آنے والے اور پسِ پردہ رہنے والے متعدد معاملات پر بات چیت ہوتی رہی ہے اور کئی مسائل کو حل بھی کیا گیا ہے۔

فیدان: شام اور عراق سے امریکی فوج کا انخلا ترکیہ کے ’’دہشت گردی سے پاک خطے‘‘ کے منصوبے کے لیے انتہائی اہم ہے

ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان نے کہا ہے کہ امریکہ کا شام اور عراق سے انخلا ترکیہ کے ’’دہشت گردی سے پاک خطے‘‘ کے منصوبے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں استحکام کو یقینی بنانا اور اسے برقرار رکھنا نہ صرف ترکیہ کی سلامتی بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی انتہائی مثبت پیش رفت ہے۔

عراق کے حوالے سے فیدان نے کہا کہ ترکیہ وزیر اعظم علی الزیدی کی پالیسیوں کی حمایت کرتا ہے اور صدر رجب طیب اردوان بھی ان سے ملاقات کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عراق کی قومی یکجہتی، سلامتی، استحکام، ترقی اور انسانی حقوق ترکیہ کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ انقرہ ان مقاصد کی حمایت جاری رکھے گا اور علی الزیدی کے منصوبوں کی بھی پشت پناہی کرے گا۔

فیدان نے مزید کہا کہ صدر اردوان ان معاملات پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ قریبی تعاون کر رہے ہیں۔ ان اہم امور میں قفقاز کی صورتحال، روس یوکرین جنگ میں جنگ بندی کی کوششیں اور افریقہ کے خطۂ قرنِ افریقہ میں جاری پیش رفت شامل ہیں۔

امریکہ میں قانون سازی کے معاملات میں انتظامیہ کے اختیارات محدود ہیں

امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانے اور دفاعی صنعت پر عائد پابندیاں ختم کرنے کے حوالے سے فیدان نے کہا کہ بعض معاملات میں انتظامی اختیارات کے تحت عائد کی گئی رکاوٹیں اب دور ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔ طویل عرصے سے زیرِ التوا بعض اسلحہ اور گولہ بارود کی خریداری کے معاملات میں بھی پیش رفت ہوئی ہے۔

تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ جن معاملات کو قانون کی شکل دی جا چکی ہے، ان میں امریکی انتظامیہ کے اختیارات محدود ہیں اور وہ اپنی مرضی سے اقدامات نہیں کر سکتی۔

فیدان کے مطابق ان قانونی پابندیوں کے نفاذ سے متعلق بعض شقوں پر بھی کام جاری ہے تاکہ رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر ڈیڑھ سال قبل ہی سیاسی سطح پر اتفاق ہو چکا تھا۔ صدر ٹرمپ اور صدر اردوان نے اپنی ملاقات میں بھی اس مسئلے کو حل کرکے ایجنڈے سے خارج کرنے پر زور دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی امریکہ کے اپنے مفادات کے بھی خلاف ہے۔ ان کے بقول، اس صورتحال کے پیچھے امریکہ میں سرگرم بعض لابیاں ہیں، جو ترکیہ کو امریکی دفاعی تعاون سے دور رکھنے اور خطے میں اپنے مفادات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

فیدان نے سوال اٹھایا کہ کئی ممالک نے روسی دفاعی نظام خریدے ہیں، لیکن امریکہ نے ان سب پر کاٹسا (CAATSA) پابندیاں عائد نہیں کیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ کا علاقائی مؤقف، اس کا عزم، اصول اور اقدار، خصوصاً اسرائیل اور خطے کی بعض دیگر طاقتوں کو پسند نہیں۔ ان کے مطابق یہ طاقتیں امریکہ میں بڑے پیمانے پر لابنگ کر رہی ہیں اور معاملہ اب لابنگ کی جنگ کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

اسرائیل اور یونان کی لابیاں امریکہ کی مقامی سیاست پر اثرانداز ہو رہی ہیں

ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان نے امریکہ میں ’’امریکہ پہلے یا اسرائیل پہلے‘‘ کی بحث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی سیاست میں مختلف لابیوں کا اہم کردار ہے۔ ان میں اسرائیلی اور یونانی لابیاں بھی شامل ہیں، جو مختلف سرگرمیوں کے ذریعے مقامی سیاست پر اثرانداز ہوتی ہیں۔

فیدان نے کہا کہ امریکی انتظامیہ میں اس مسئلے کو حل کرنے کا عزم موجود ہے اور ترکیہ بھی اس حوالے سے منظم اور مستقل کوششیں کر رہا ہے۔

ترکیہ علاقائی مسائل کے حل کے لیے نئے طریقے اپنا رہا ہے

فیدان نے صدر رجب طیب اردوان کے خارجہ پالیسی وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ ایسے مؤثر اور نئے طریقۂ کار وضع کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو محض نئے اتحاد قائم کرنے کے بجائے حقیقی معنوں میں مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوں۔

انہوں نے مکہ دفاعی اتحاد، علاقائی چار ملکی گروپ اور غزہ کے آٹھ ملکی گروپ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے تعاون کے ڈھانچے پہلے موجود نہیں تھے، تاہم اب ممالک باہمی تعاون کے ذریعے پیش رفت کرنے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔

فیدان کے مطابق ترکیہ متعدد اہم تزویراتی خطوں میں واقع ہے، جہاں مختلف بحرانوں کے جنم لینے کے امکانات موجود رہتے ہیں۔ اسی لیے ضروری ہے کہ ہر خطے کے لیے الگ تزویراتی وژن اور مؤثر نظام تیار کیا جائے تاکہ بحران پیدا ہونے سے پہلے ان کی نشاندہی کرکے مناسب اقدامات کیے جا سکیں۔

ترکیہ اپنی طاقت امن کے قیام کے لیے استعمال کرکے اہم عالمی کردار ادا کر رہا ہے

فیدان نے کہا کہ ترکیہ اپنی طاقت اور اثرورسوخ کو امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے استعمال کر رہا ہے، جس کی وجہ سے عالمی سطح پر اسے ایک اہم اور قابلِ اعتماد شراکت دار سمجھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے پیش کردہ خارجہ پالیسی کے تصورات اب دوسرے خطوں میں بھی استعمال ہو رہے ہیں۔ مثال کے طور پر ’’علاقائی ذمہ داری‘‘ اور ’’اپنے مسائل کا حل خود تلاش کرنا‘‘ جیسے اصول اب یورپی رہنما بھی اپنا رہے ہیں۔

فیدان نے صدر اردوان کی طویل قیادت اور جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی (آق پارٹی) کی مسلسل حکومت کو ترکیہ کی ادارہ جاتی صلاحیت اور پالیسیوں کے تسلسل کے لیے اہم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ 20 برس سے مختلف عہدوں پر خطے کے رہنماؤں اور اہم شخصیات سے واقف ہیں، جو سفارتی سطح پر ترکیہ کے لیے ایک بڑا فائدہ ہے۔

فیدان کے مطابق ترکیہ میں طویل عرصے تک حکومت کا تسلسل نہ صرف ملک بلکہ پورے خطے کے لیے ایک بڑی نعمت ہے۔ اگرچہ شراکت دار ممالک کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں، تاہم بعض مسائل ایسے بھی ہیں جنہیں بہتر انداز میں سنبھالنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ثقافتوں، طرزِ عمل اور نظاموں کو سمجھنا ضروری ہے۔ چیلنجز بڑے ہیں، لیکن ترکیہ نے اب تک خطے اور عالمی سطح پر پیدا ہونے والے بڑے بحرانوں کے اثرات کو بڑی حد تک اپنے ملک تک پہنچنے سے روکا ہے۔ اس کے بجائے ترکیہ نے پیشگی اقدامات کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی یہ کوششیں جاری رکھے گا

مکہ دفاعی اتحاد

ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی اتحاد کو ادارہ جاتی شکل دینے کا عمل جاری ہے۔ اتحاد کے بنیادی فیصلے کیے جا چکے ہیں اور اہم نظام بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فوجی ہیڈکوارٹر اور سیکریٹریٹ کے قیام سے متعلق فیصلے بھی کیے جا چکے ہیں۔

فیدان نے کہا کہ یمن کی صورتحال مکہ دفاعی اتحاد کے لیے ایک اہم چیلنج ہے، کیونکہ یمن میں جاری بحران سعودی عرب کی سلامتی کے لیے خطرہ بن رہا ہے۔ اس خطرے کا مسلسل برقرار رہنا ترکیہ کی داخلی سیاست میں بھی زیرِ بحث ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 19 نومبر کو ترک پارلیمان کی منصوبہ بندی اور بجٹ کمیٹی کے اجلاس میں تقریباً 55 ارکانِ پارلیمان نے اظہارِ خیال کیا، جبکہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے متعدد سوالات اور تنقید سامنے آئی۔

فیدان کے مطابق، ان میں سے بعض سوالات انتہائی اہم تھے، جن کے جوابات دینا ضروری تھا۔ تاہم، انہوں نے وضاحت کی کہ جغرافیائی اور تزویراتی نوعیت کے معاملات میں حکومت اپنے تمام فیصلوں، اقدامات اور ان کے مقاصد کو دنیا کے سامنے ظاہر نہیں کر سکتی، کیونکہ پارلیمان میں بجٹ پر ہونے والی تقاریر پوری دنیا میں نشر ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سلطنتِ عثمانیہ کے سابقہ علاقوں میں ماضی میں ہونے والی جدوجہد اور آج دوسرے خودمختار ممالک میں ممکنہ فوجی سرگرمیوں کو ایک ہی تناظر میں نہیں دیکھا جا سکتا۔

فیدان نے وضاحت کی کہ یمن ایک خودمختار ریاست ہے، جس کے شمال میں سعودی عرب، اس سے آگے اردن اور شام واقع ہیں۔ ان کے درمیان کئی ممالک آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے ایک دفاعی اتحاد قائم کیا ہے اور اس کے تحت بعض ذمہ داریاں بھی عائد ہوتی ہیں۔ یہ اتحاد کسی ملک کے خلاف نہیں بنایا گیا بلکہ اس کے رکن ممالک ایک دوسرے کو تحفظ اور اعتماد کی یقین دہانی کراتے ہیں۔

دفاعی صنعت میں تعاون مکہ اتحاد کا اہم ستون ہے

فیدان نے کہا کہ خطے کے بہت سے مسائل کی ایک بڑی وجہ مستقل اور مضبوط علاقائی اتحادوں کا فقدان ہے۔ اس کی ایک وجہ مشرقِ وسطیٰ میں قومی ریاستوں کا نسبتاً دیر سے وجود میں آنا بھی ہے۔ ان کے مطابق خطے میں طاقت کا توازن، سرمایہ کاری اور خصوصاً خلیجی ممالک کے باہمی تعلقات کو مستحکم ہونے میں کافی وقت لگا ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ ترکیہ طویل عرصے سے سعودی عرب کو دفاعی صنعت کی مصنوعات فروخت کر رہا ہے۔ ان کے مطابق دفاعی صنعت میں تعاون مکہ دفاعی اتحاد کے اہم ترین ستونوں میں سے ایک ہے۔

فیدان نے کہا کہ ترکیہ کو ماضی میں اس حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایک ایسا ملک ہے جس نے متعدد جنگیں لڑی ہیں اور اس دوران جدید دفاعی صلاحیتیں حاصل کی ہیں۔ تاہم، تقریباً 15 برس پہلے جب ترکیہ کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے بعض مخصوص صلاحیتوں کی ضرورت تھی تو وہ مالی وسائل ہونے کے باوجود امریکہ سے یہ ٹیکنالوجی خرید نہیں سکا۔

انہوں نے کہا کہ اگر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کسی ٹیکنالوجی کی ضرورت ہو اور کوئی اتحادی اسے فراہم کرنے سے انکار کر دے تو اس سے مشکلات مزید بڑھ جاتی ہیں۔

فیدان کے مطابق، ترکیہ نے اپنی جنگیں لڑتے ہوئے اپنی دفاعی ٹیکنالوجی اور صلاحیتیں بھی خود تیار کی ہیں۔ ان صلاحیتوں کو کن ممالک کے ساتھ بانٹنا ہے، یہ محض معاشی نہیں بلکہ ایک تزویراتی فیصلہ بھی ہے۔

انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ ترکیہ کے دفاعی و معاشی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں خطے کے دیگر ممالک کو بھی اس تعاون میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

آخر میں فیدان نے واضح کیا کہ ترکیہ کی موجودہ پالیسی سعودی عرب کے دفاع پر مرکوز ہے اور یمن کے اندر فوج تعینات کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ تاہم، سعودی عرب کے دفاع کے لیے ضروری تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔

’’جب جنگ کا معاملہ آتا ہے تو ہمیں اس کا تجربہ ہے‘‘

ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان نے کہا ہے کہ نیٹو کی تاریخ میں اتحاد کی پانچویں شق کا استعمال بہت محدود مواقع پر ہوا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب ترکیہ افغانستان جا رہا تھا تو کیا کسی نے یہ تنقید کی تھی کہ وہاں ترک فوجی بھی امریکی فوجیوں کی طرح مارے جائیں گے؟ اگر نیٹو کے تحت کسی کارروائی میں کوئی مسئلہ نہیں تو پھر مکہ دفاعی اتحاد کے تحت، وہ بھی ایک مسلم ملک میں، فوجی ذمہ داریوں پر اعتراض کیوں کیا جا رہا ہے؟

فیدان نے واضح کیا کہ دفاعی اتحاد کی پانچویں شق کے تحت اجتماعی دفاع یا مکمل جنگ کی صورتحال پیدا ہونے سے پہلے خطرے کا جائزہ، مشترکہ انٹیلی جنس سرگرمیوں اور دفاعی منصوبہ بندی سمیت کئی مراحل سے گزرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اس وقت یمن کے معاملے پر تقریباً 30 ممالک کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ بعض ممالک نے ترکیہ سے بھی پہلے اس حوالے سے تعاون شروع کر دیا تھا۔ امریکہ، برطانیہ اور بعض یورپی ممالک بھی یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر متعدد بار بمباری کر چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود صورتحال برقرار ہے۔

فیدان نے یاد دلایا کہ ماضی میں سعودی عرب پر میزائل حملوں کو عالمی برادری نے خاطر خواہ توجہ نہیں دی تھی، تاہم حوثیوں کی جانب سے باب المندب آبنائے میں بحری آمدورفت کو نشانہ بنانے کے بعد یمن کا مسئلہ عالمی سطح پر ایک اہم تزویراتی اور سلامتی کا معاملہ بن گیا، جس کے بعد عالمی برادری کی توجہ بھی اس جانب بڑھ گئی۔

انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان، وزیر دفاع یشار گولر، ترک انٹیلی جنس ادارے اور سفارت کار بخوبی جانتے ہیں کہ کس معاملے کا جائزہ کس طرح لینا ہے۔

فیدان نے مزید کہا، ’’ہم اب ایک ایسی قوم ہیں جو جنگ کے معنی اور اس کے نتائج کو اچھی طرح جانتی ہے۔ ہم نے بہت جنگیں لڑی ہیں۔ اللہ ہمیں جنگ سے دور رکھے، لیکن جب لڑنے کا معاملہ آتا ہے تو ہمیں اس کا تجربہ ہے۔ اس لیے فکر نہ کریں۔‘‘

انہوں نے واضح کیا کہ مکہ دفاعی اتحاد کے تحت ترکیہ کی کسی بھی فوجی کارروائی میں شرکت خودکار طور پر نہیں ہوگی بلکہ اس کے لیے ضروری قانونی اور تکنیکی مراحل مکمل کرنا ہوں گے۔

فیدان کے مطابق بیرونِ ملک فوج بھیجنے اور فوجی ذمہ داریاں انجام دینے کے لیے ترک پارلیمان کی منظوری ضروری ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ شام، عراق، صومالیہ اور لبنان میں ترکیہ کی فوجی موجودگی اور بین الاقوامی پانیوں میں اس کی ذمہ داریوں کے لیے بھی پارلیمان سے اجازت حاصل کی گئی تھی۔

آر 4 پلس ای 4 کا دوسرا اجلاس برلن میں ہوگا

فیدان نے کہا کہ علاقائی مسائل کے حل کے لیے روایتی سفارتی طریقۂ کار بعض اوقات مذاکراتی فورمز کو غیر مؤثر بنا دیتا ہے اور محض رسمی کارروائیوں تک محدود رہ جاتا ہے۔ اس لیے ایسے پلیٹ فارمز کی ضرورت ہے جہاں ممالک باضابطہ مذاکراتی عمل سے ہٹ کر بھی کھل کر، خلوص کے ساتھ اور بغیر کسی رسمی پابندی کے تبادلہ خیال کر سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ آر 4 پلیٹ فارم کا آغاز غزہ میں نسل کشی روکنے کے لیے ترکیہ کی قیادت میں اسلامی تعاون تنظیم اور عرب لیگ کے تحت قائم کیے گئے آٹھ ملکی گروپ کی سرگرمیوں سے ہوا۔

فیدان نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے پر ترکیہ جیسے دیگر ممالک نے بھی آواز اٹھائی، لیکن اس معاملے کی ذمہ داری زیادہ تر عرب ممالک پر ڈال دی گئی۔ انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم میں بھی واضح کیا تھا کہ فلسطین کا مسئلہ اتنا محدود نہیں کہ اسے صرف عرب ممالک کے سپرد کر دیا جائے۔

ان کے مطابق اگر یہ مسئلہ پوری اسلامی دنیا سے تعلق رکھتا ہے اور تمام مسلمانوں کے ضمیر کو جھنجھوڑتا ہے تو ہر ملک کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ صرف احتجاج کرنا کافی نہیں بلکہ سفارتی سطح پر بھی عملی طور پر متحرک ہونا ضروری ہے۔

فیدان نے کہا کہ اس تعاون نے نئے سفارتی طریقۂ کار وضع کرنے اور اسرائیل پر دباؤ بڑھانے میں مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ اسی کے نتیجے میں مکہ دفاعی اتحاد اور علاقائی وژن دستاویز جیسے ٹھوس اقدامات کی راہ بھی ہموار ہوئی ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معاملات امریکہ اور اقوام متحدہ کے دائرہ کار میں زیرِ بحث لائے جا سکتے ہیں، تاہم ایران سے متعلق دیگر علاقائی مسائل پر براہِ راست خطے کے ممالک کو آپس میں بات چیت کرنی چاہیے۔

فیدان نے کہا کہ ماضی میں علاقائی مسائل کے حل کی ذمہ داری بڑی طاقتوں پر چھوڑ دی جاتی تھی، تاہم اب خطے کے ممالک کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے مسائل کا حل خود تلاش کرنے کی صلاحیت اور عزم پیدا کریں۔ انہوں نے اس جانب بھی اشارہ کیا کہ یورپی ممالک بھی اسی طرح کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

فیدان نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے یورپ کے تحفظ میں اپنا کردار کم کیے جانے کے بعد یورپ کو اس سوال کا سامنا ہے کہ وہ اپنی سلامتی کیسے یقینی بنائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گزشتہ پانچ برس سے جاری روس یوکرین جنگ، جس میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے، یورپ کے لیے سلامتی کا ایک سنگین امتحان بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں خطوں کے بحران ایک دوسرے پر اثر انداز ہو رہے ہیں، جس کے باعث ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والے اخراجات اور نقصانات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی لیے ضروری ہے کہ مختلف جغرافیائی خطوں کے مسائل پر نہ صرف علاقائی پلیٹ فارمز میں بلکہ مشترکہ طریقۂ کار کے تحت بھی غور کیا جائے۔

فیدان نے بتایا کہ اسی سوچ کے تحت یورپی چار رکنی گروپ اور علاقائی چار رکنی گروپ کو استنبول میں ایک ساتھ جمع کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا، ’’ان شاء اللہ اگلے ماہ دوسری ملاقات برلن، جرمنی میں ہوگی۔ اس کا منصوبہ بنا لیا گیا ہے، بشرطیکہ تمام معاملات ٹھیک رہیں۔‘‘

فیدان کے مطابق، R4-E4 فارمیٹ کے تحت ہونے والے مذاکرات کسی فریق کے لیے پابند نہیں ہوتے بلکہ ان کی بنیاد کھلے اور آزادانہ تبادلۂ خیال پر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’حقیقت یہ ہے کہ ہر ملک اپنی سیاسی حساسیت کے مطابق بعض معاملات پر کھل کر بات کر سکتا ہے، جبکہ کچھ امور پر بات نہیں کر پاتا۔ لیکن جب ہم ایک میز پر بیٹھتے ہیں تو ہمیں احساس ہوتا ہے کہ سب کی صورتحال ایک جیسی ہے۔‘‘

فیدان نے بتایا کہ جی 20 سربراہی اجلاس سے قبل ہر سال وزرائے خارجہ اور وزرائے خزانہ کے دو الگ الگ اجلاس منعقد کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا:

’’جب ہم وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے اٹلانٹا گئے تو وہاں تین اہم معاملات زیرِ بحث تھے۔ پہلا توانائی کا تحفظ، دوسرا رابطہ کاری اور اس سے متعلق مسائل، مثلاً آبنائے ہرمز کی بندش، اور تیسرا مختلف خطوں میں جاری بحران تھے۔

ہم نے تجویز پیش کی کہ آبنائے ہرمز، آبنائے باسفورس، آبنائے جبل الطارق، آبنائے ملاکا اور نہر پاناما جیسے اہم بحری راستوں کے حوالے سے ایک عالمی اعلامیہ تیار کیا جائے، جس پر تمام ممالک دستخط کریں اور اسے ایک پابند اصول کی حیثیت حاصل ہو۔ اس سلسلے میں مل کر کام کیا جا سکتا ہے اور یہ طے کیا جا سکتا ہے کہ دنیا کے حالات یا جنگوں کی صورتحال کچھ بھی ہو، ان اہم گزرگاہوں کو تجارتی آمدورفت کے لیے کسی صورت بند نہیں کیا جا سکتا۔‘‘

فیدان نے کہا کہ R4-E4 پلیٹ فارم پر ہونے والی بات چیت صرف موجودہ مسائل کے حل کے لیے مشترکہ مؤقف اختیار کرنے تک محدود نہیں ہے، بلکہ مستقبل میں یہ طریقۂ کار ممالک کے درمیان تعاون کے نئے شعبے، ذمہ داریوں کی مختلف تقسیم اور مشترکہ اقدامات کی راہیں بھی ہموار کر سکتا ہے۔

"غزہ کا مسئلہ ایک ایسا معاملہ ہے جسے ہم نے کبھی فراموش ہونے دیا ہے اور نہ ہی آئندہ فراموش ہونے دیں گے"

وزیر خارجہ حاکان فیدان نے کہا کہ غزہ میں جاری انسانی بحران حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث مزید سنگین ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا:

"جیسا کہ آپ جانتے ہیں، اب جنگ بندی کے معاہدے کی بعض شقوں پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے اور اس نسل کشی کی کھلی اور شدید کارروائیاں رک گئی ہیں، تاہم مخصوص اہداف کو نشانہ بنا کر ہلاکتوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ دوسری جانب، اگرچہ مطلوبہ مقدار میں نہیں، لیکن کچھ نہ کچھ غذائی امداد غزہ میں داخل ہو رہی ہے۔ کم از کم خوراک تو پہنچ رہی ہے، لیکن صرف خوراک لوگوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی نہیں ہے۔"

فیدان نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ میں لوگوں کی رہائش کا مسئلہ بھی حل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صدر رجب طیب اردوان کی ہدایت پر ترکیہ میں زلزلے کے دوران استعمال ہونے والے کنٹینرز غزہ بھیجنے کے لیے آفات و ہنگامی حالات کے ادارے (AFAD)، ترک ہلال احمر اور سفارت کار بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

فیدان نے توجہ دلائی کہ اسرائیل ان کنٹینرز کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہا، کیونکہ وہ دھات سے بنے ہوئے ہیں اور اسرائیل کا مؤقف ہے کہ حماس انہیں اسلحہ سازی کے لیے استعمال کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح سیمنٹ، لوہے اور فولاد جیسے تعمیراتی سامان پر عائد پابندیاں بھی غزہ میں مکانات کی مرمت اور نئی رہائشی جگہوں کی تعمیر میں رکاوٹ بن رہی ہیں، جس کے باعث غزہ کے باشندے آج بھی کپڑے کے خیموں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

فیدان نے کہا کہ سیلاب، طوفان اور سرد موسم نے پہلے سے موجود انسانی بحران کو مزید گہرا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو سے انتخابات سے قبل ان پابندیوں میں نرمی کی توقع نہیں ہے، تاہم انہیں امید ہے کہ انتخابات کے بعد غزہ کے لیے انسانی امداد اور تعمیرِ نو کے عمل میں دوبارہ پیش رفت دیکھنے میں آئے گی۔

فیدان نے کہا کہ ایران، امریکہ اور خلیجی خطے میں جاری بحرانوں کے باعث سعودی عرب، اردن، قطر اور مصر جیسے ممالک، جو غزہ کے حوالے سے سفارتی کوششیں کر رہے تھے، اب اپنی داخلی اور علاقائی مشکلات پر توجہ دینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا:

"ہم ترکیہ کی حیثیت سے اس مسئلے کو مسلسل عالمی ایجنڈے پر رکھے ہوئے ہیں اور ہمیں اس حوالے سے کوئی مشکل درپیش نہیں۔ ہماری ہر گفتگو، ہر کوشش اور ہر پلیٹ فارم پر، چاہے وہ کہیں بھی ہو، غزہ کا مسئلہ ایک ایسا معاملہ ہے جسے ہم نے کبھی فراموش ہونے دیا ہے اور نہ ہی آئندہ فراموش ہونے دیں گے۔"

"شام میں ایک مستحکم عمل آگے بڑھ رہا ہے"

شام میں استحکام کے عمل سے متعلق سوال کے جواب میں فیدان نے کہا:

"شکر ہے کہ شام میں ایک ایسا عمل جاری ہے جو واقعی مستحکم انداز میں اور پُرعزم قدموں کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، اگرچہ بعض اوقات اس کی رفتار کچھ سست ہو جاتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہاں تباہی بہت بڑے پیمانے پر ہوئی تھی۔"

فیدان نے کہا کہ شام میں اداروں اور نظام کو بھی تباہ کر دیا گیا تھا۔ لوگوں میں دوبارہ امید پیدا کرنے میں وقت لگتا ہے، جبکہ معیشت کی بحالی کے لیے شامی آبادی کا اپنے ملک واپس آنا بھی انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے شام کی بحالی کے لیے بین الاقوامی پابندیوں کے خاتمے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا:

"شام کی حکومت اور قیادت بین الاقوامی سطح پر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔"

فیدان نے اس بات کی طرف بھی توجہ دلائی کہ شام کی وہ پالیسیاں، جن کا مقصد خطے میں مسائل، دہشت گردی یا جارحیت کو جنم دینے سے گریز کرنا ہے، مکمل طور پر ترکیہ کے مؤقف سے ہم آہنگ ہیں۔

انہوں نے کہا:

"اندرونِ ملک بعض چیلنجز موجود تھے۔ ان میں ایس ڈی جی (شامی ڈیموکریٹک فورسز) کا مسئلہ بھی شامل تھا۔ ایس ڈی جی ترکیہ میں جاری عمل کا بھی ایک حصہ ہے۔ اس معاملے کا ایک پہلو ترکیہ میں جاری عمل سے متعلق تھا، جبکہ دوسرا پہلو شام میں جاری عمل سے جڑا ہوا تھا۔ اب یہ معاملہ ایک ایسے نتیجے کی جانب بڑھا ہے جس کے دونوں پہلوؤں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔"

"اسرائیل اپنے ہمسایوں کو تقسیم اور انتشار کا شکار دیکھنا چاہتا ہے"

فیدان نے کہا:

"اصل مسئلہ یہ ہے کہ اسرائیل خطے کے حوالے سے اپنے بنیادی عزائم کو شام میں بھی عملی جامہ پہنانا چاہتا ہے۔ اس کا مقصد کیا ہے؟ اسرائیل اپنے ہمسایوں کو مضبوط نہیں دیکھنا چاہتا۔ وہ ایسے ہمسایہ ممالک چاہتا ہے جو مسائل اور اندرونی تقسیم و انتشار کا شکار ہوں۔"

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں جاری تنازعات اور مشکلات بھی شام میں بحالی کے عمل کو طویل کرنے کا سبب بن رہی ہیں۔

وزیر خارجہ فیدان نے کہا:

"جب ڈونلڈ ٹرمپ پہلی مرتبہ اقتدار میں آئے تو انہوں نے کئی بار واقعی یہ سوال اٹھایا کہ یہاں ہماری موجودگی سے ہمیں کیا فائدہ ہو رہا ہے؟ میں یہاں پی کے کے کی حمایت آخر کیوں کر رہا ہوں؟ کوئی مجھے اس کی وجہ سمجھائے۔ میں یہاں فوجی دستے کیوں تعینات رکھوں اور پیسہ کیوں خرچ کروں؟ لیکن پہلے دورِ حکومت میں انہوں نے ہدایات دینے کے باوجود اس معاملے میں پیش رفت نہیں کی۔"

فیدان نے کہا کہ اسرائیل خطے میں امریکی طاقت کو ایک "بلڈوزر" کے طور پر استعمال کرتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا:

"اسرائیل نے خطے میں اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے طویل عرصے تک امریکی طاقت کو ایک بلڈوزر کے طور پر استعمال کیا۔ اس نے بعض بحرانوں اور مخصوص تنظیموں و عناصر کی آڑ میں اپنے عزائم کو چھپائے رکھا اور اسی طرح اپنا کام آگے بڑھاتا رہا۔ لیکن اب پورا خطہ اس حقیقت سے آگاہ ہو چکا ہے۔"

بحیرہ اسود میں تجارتی جہازوں پر حملے

فیدان نے کہا کہ بحیرہ اسود میں جاری جنگ کے اثرات اب تجارتی جہازوں تک بھی پہنچ چکے ہیں اور جنگ کی شدت اور دائرہ کار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ وزارتِ ٹرانسپورٹ نے بحیرہ اسود کے حوالے سے انتباہات جاری کیے ہیں۔ ان کے مطابق ترکیہ کی جانب سے طے کردہ سیاسی فریم ورک اور خطرے کی سطح کے مطابق ترک بحریہ کی کمانڈ بھی اس خطے کو جنگی محاذ قرار دیتے ہوئے خبردار کر رہی ہے۔

فیدان نے کہا کہ ان جہازوں پر حملوں کے حوالے سے، جن میں ترک شہری بھی موجود ہیں، مختلف سطحوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں روس اور یوکرین کے ساتھ ساتھ ساحلی محافظ دستے اور وزارتِ ٹرانسپورٹ کے متعلقہ ادارے بھی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا:

"ہماری تجویز یہ ہے کہ جن جہازوں میں ہمارے شہری سوار ہیں، انہیں جنگی علاقے کی جانب نہیں جانا چاہیے۔ کیونکہ یہاں ہر روز جہازوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اب دونوں فریق کھلے عام اعلان کر چکے ہیں کہ وہ ان جہازوں پر بھی حملے کریں گے۔"

دسمبر میں ترکیہ۔افریقہ شراکت داری سربراہی اجلاس منعقد ہوگا

دسمبر میں لیبیا میں منعقد ہونے والے ترکیہ۔افریقہ شراکت داری سربراہی اجلاس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فیدان نے کہا:

"یہ سربراہی اجلاس انتہائی اہم ثابت ہوگا۔"

انہوں نے بتایا کہ صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی کے فریم ورک کنونشن کی 31ویں کانفرنس (COP31) کے موقع پر لیبیا کے وزیر اعظم عبدالحمید الدبیبہ سے ملاقات کی تھی اور آج بھی ان سے بات چیت ہوئی ہے۔

فیدان نے کہا:

"ہم نے انطالیہ میں انتہائی مفید ملاقاتیں کیں اور وہاں یہ بھی محسوس کیا کہ وہ خود بھی بڑے جوش و خروش کے ساتھ ہمارے صدر کی لیبیا آمد کے منتظر ہیں۔"

فیدان نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان کئی برسوں کے طویل وقفے کے بعد لیبیا کا دورہ کریں گے۔

لیبیا میں ترکیہ کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے فیدان نے اس بات پر زور دیا کہ لیبیا میں جنگ کے دوران مغربی حصے کے دفاع اور قومی اتحاد کی حکومت کو مکمل طور پر ختم ہونے سے بچانے میں صدر اردوان بنیادی کردار ادا کرنے والے رہنما تھے۔

انہوں نے کہا:

"لیبیا میں ہم نے جنگ کے دوران ایک فریق کا ساتھ دیتے ہوئے جنگ میں حصہ لیا، لیکن اس کے ساتھ ہی امن کو عملی شکل دینے اور مستقبل میں دوبارہ جنگ چھڑنے سے روکنے کے لیے ہم نے نہایت سنجیدہ، مؤثر اور حکمتِ عملی پر مبنی سفارت کاری کا مظاہرہ بھی کیا۔"

فیدان نے بتایا کہ لیبیا کے مشرقی حصے کے ساتھ بھی تعلقات کو مضبوط بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا:

"ہم نے مشرقی لیبیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو تقریباً اسی سطح پر پہنچا دیا ہے جس سطح پر ہمارے مغربی لیبیا کے ساتھ تعلقات ہیں۔ ہم نے باہمی اعتماد کو فروغ دیا ہے۔ اب ہم دونوں فریقوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو لیبیا کو متحد کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔"

صدرِ جمہوریہ اردوان کا دورۂ لیبیا علامتی اعتبار سے اہم ہے

فیدان نے کہا کہ اب تمام فریق اس حقیقت سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا، ’’ہمارے صدر کا وہاں تشریف لے جانا علامتی اعتبار سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ لیبیا کے عوام اور حکومت بھی اس دورے کے منتظر ہیں۔

ترکی کی جانب سے لیبیا کے مرکز میں افریقی یونین-ترکی سربراہی اجلاس منعقد کرنے کی اہمیت کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فیدان نے کہا، ’’دنیا میں بہت کم ایسے ممالک ہیں جو افریقہ کے حوالے سے ایک جامع حکمتِ عملی تشکیل دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔‘‘

فیدان نے اس جانب بھی توجہ دلائی کہ ترکی نے گزشتہ برسوں کے دوران افریقی ممالک کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’گزشتہ چار پانچ برسوں سے ہم ان ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون کے حوالے سے سنجیدہ پالیسیاں اختیار کیے ہوئے ہیں جو ہم سے اس تعاون کے خواہاں ہیں۔ یہاں نوآبادیاتی تسلط قائم کرنے یا غلبہ حاصل کرنے کی کوئی سرگرمی نہیں، بلکہ حقیقی معنوں میں باہمی تعاون موجود ہے۔‘‘

شینگن ویزا

شینگن ویزا کو ایک اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے فیدان نے بتایا کہ 2025 میں تقریباً 12 سے 13 لاکھ ترک شہریوں نے شینگن ویزا کے لیے درخواستیں جمع کرائی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ شینگن ویزا کی ہر 100 درخواستوں میں سے 85 سے 86 درخواستیں منظور کی گئیں، جبکہ 14 سے 15 درخواستیں مسترد ہوئیں۔

فیدان نے کہا کہ یورپ میں دائیں بازو کی انتہا پسند جماعتیں، امیگریشن پالیسیوں کو بنیاد بنا کر حکومتوں پر دباؤ ڈال رہی ہیں۔ اس صورتِ حال کے نتیجے میں متعدد ممالک نے اپنی ویزا پالیسیوں کو مزید سخت کر دیا ہے، جس سے بالخصوص نوجوان اور طلبہ متاثر ہو رہے ہیں۔

فیدان نے طلبہ کی آمدورفت پر عائد پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ’’جب ہم دیکھتے ہیں کہ بالخصوص وہ طلبہ جنہیں تعلیمی اداروں میں داخلے کی منظوری مل چکی ہے، انہیں ویزا حاصل کرنے میں زیادہ وقت لگ رہا ہے تو ہم اس معاملے میں مرکزی اور مقامی دونوں سطحوں پر بھرپور مداخلت کرتے ہیں، تاکہ ہمارے طلبہ کا تعلیمی سال ضائع نہ ہو۔‘‘

ویزا فری سفر کے عمل کا ذکر کرتے ہوئے فیدان نے مزید کہا:

’’ویزا کی پابندیوں کے خاتمے کے لیے ہمیں ابھی چند معاملات مکمل کرنے ہیں۔ اس سلسلے میں پارلیمان سے منظوری حاصل کرنا بھی ضروری ہے۔ صدرِ جمہوریہ نے اس حوالے سے ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ اداروں کے درمیان ضروری کام بھی نائب صدر جمہوریہ جودت یلماز کی سربراہی میں مکمل ہو چکا ہے۔ اب ہم نے جو مسودے تیار کیے ہیں، ان پر یورپی حکام کے ساتھ تکنیکی سطح پر بات چیت جاری ہے، جس میں یورپی یونین امور کے ڈائریکٹوریٹ کے ہمارے ساتھی مصروف ہیں۔ اس طرح تکنیکی سطح پر مختلف مراحل میں کام آگے بڑھ رہا ہے۔‘‘

سفارتی سرگرمیوں میں تیزی

فیدان نے بتایا کہ ترکی-افریقہ سربراہی اجلاس کی تیاریاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدرِ جمہوریہ اردوان جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے میامی جائیں گے اور اس موقع پر ہونے والی دوطرفہ ملاقاتیں بھی غیر معمولی اہمیت کی حامل ہوں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نیٹو وزرائے خارجہ کا اجلاس، برلن میں منعقد ہونے والا R4+E4 اجلاس اور مختلف دوطرفہ دورے، جو اس وقت منصوبہ بندی کے مرحلے میں ہیں، ان کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں کہ وہ اپنی مصروفیات کے دوران خود کو کس طرح آرام کا موقع دیتے ہیں، فیدان نے کہا کہ ذہنی طور پر انتہائی مصروف رہنے کے بعد ذہن کو کسی دوسرے موضوع کی جانب منتقل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اچھی کتابوں کے مطالعے یا معیاری علمی و فکری گفتگو کے ذریعے ایسا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

وزیر خارجہ فیدان نے کہا کہ انہیں جب بھی وقت ملتا ہے، وہ اسے اپنے کام کے لیے وقف کر دیتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے حوالے سے ان کے کندھوں پر عائد ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔

دریافت کیجیے
میں خود کو احمق محسوس کر رہا ہوں: مسک
ترکیہ کا تحقیقاتی بحری جہاز ’’اورچ رئیس‘‘ پاکستان روانہ گیا
دفاعی معاہدے کا مقصد ترکیہ اور قطر کی خودمختاری کا تحفظ کرنا ہے: ترکیہ وزارتِ دفاع
یورپی یونین کمیشن پر سائبر حملہ
ایران: ہم نے کویت میں امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا ہے
ترکیہ: "کوپ 31 انطالیہ۔غزہ موسمیاتی راہداری" قائم کی جائے
مغربی کنارے میں غیر قانونی یہودی بستیوں کے معاملے پر آسٹریلیا کی اسرائیلی شہریوں پر پابندیاں
امریکہ کے ایران کے جزیرہ قشم پر متعدد حملے
روس:یوکرین نے ایک بار پھر کریمیا پل کو نشانہ بنایا ہے
امریکہ: ٹرمپ کے ایک تہائی سے زیادہ حامیوں نے ووٹ نہیں دیا
ٹرمپ، ایران کے ساتھ جنگ کو لمبا نہیں ہونے دیں گے: وینس
امریکی انٹیلی جنس کا دعویٰ: ایران واشنگٹن میں ’ڈرٹی بم‘ حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے
اسپین: لاکھوں کی شرکت سے ملک گیر ہڑتال
یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کایا کالاس نے روس کے مذاکراتی مطالبات کو ’’بے معنی‘‘ قرار دے دیا
چار ممالک کا اسرائیل سے غزہ کو امداد کے حوالسے سے "فوری طور پر تاخیر ختم کرنے" کا مطالبہ