ایران نے حیاتیاتی یا کیمیائی ہتھیار تیار کرنے کی صلاحیت سے متعلق امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان کا موازنہ واشنگٹن کے ان دعوؤں سے کیا ہے جو 2003 میں عراق پر حملے سے قبل وہاں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی موجودگی کے حوالے سے کیے گئے تھے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں سوال اٹھایا کہ کیا امریکی انتظامیہ توقع کرتی ہے کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فروری 2003 میں اس وقت کے امریکی وزیر خارجہ کولن پاول کی پیش کردہ تقریر کو بھول جائے گی؟ پاول نے اپنی تقریر میں دعویٰ کیا تھا کہ عراق کے پاس بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار موجود ہیں۔
امریکہ نے ان دعوؤں کو مارچ 2003 میں عراق کے خلاف جنگ شروع کرنے کے جواز کے طور پر پیش کیا تھا۔
بعد ازاں یہ دعوے بے بنیاد ثابت ہوئے، تاہم انہیں اگلے ہی ماہ امریکہ کی قیادت میں عراق پر حملے اور قبضے کے جواز کے طور پر استعمال کیا گیا۔
بقائی نے عوام سے ان واقعات کو بھول جانے کی توقع کا موازنہ کارٹون فلم ’’فائنڈنگ نیمو‘‘ کے کردار ڈوری سے کیا، جس کی یادداشت بہت کمزور ہوتی ہے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ عراق کے خلاف لگائے گئے الزامات نے اس جنگ کے لیے عوامی حمایت پیدا کرنے میں مدد دی، جس کے نتائج عراقی عوام، خطے اور بالآخر خود امریکی معاشرے کے لیے تباہ کن ثابت ہوئے۔
تہران نے امریکہ کو عراق جنگ کی کہانی دہرانے کے خطرے سے خبردار کر دیا
بقائی نے کہا:’’اب ہمیں نئے اور خوفناک الزامات کا سامنا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ان الزامات کے پیچھے بھی’’وہی دھوکہ دہی پر مبنی پرانا منصوبہ‘‘ کارفرما ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا عالمی برادری 2003 کی جنگ کے نتائج سے سبق سیکھ چکی ہے یا ایک بار پھر کسی بڑے دھوکے کا شکار ہو گی؟
بقائی کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بدھ کے روز فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو کے بعد سامنے آیا، جس میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر حملوں کے بعد ایسے اشارے ملے ہیں کہ تہران حیاتیاتی یا کیمیائی ہتھیار تیار کرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔
ٹرمپ اس سے قبل بھی ایران کے جوہری خطرے کو فروری میں شروع ہونے والی امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کا جواز قرار دے چکے ہیں۔













