ترک وزارتِ خارجہ کے ذرائع سے حاصل معلومات کے مطابق وزیرِ خارجہ حاقان فیدان نے یورپی کمیشن کے نائب صدر برائے ہم آہنگی و اصلاحات رافائیلے فِتّو سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیرِ خارجہ فیدان نے کہا کہ ہم ترکیہ اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے فِتّو کی کوششوں اور ان کے تعمیری کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے یورپی یونین کے ساتھ تعلقات اور تعاون کو ترکیہ کی جانب سے دی جانے والی اہمیت پر بھی زور دیا۔
فیدان نے کہا کہ ترکیہ اور یورپی یونین مشترکہ مفادات کی بنیاد پر اہم اقدامات کر سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترکیہ اور یورپی یونین کے تعلقات کے مستقبل کو یونانی قبرصی انتظامیہ کے ہاتھوں یرغمال بننے دینا درست حکمتِ عملی نہیں ہے۔
وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ کسٹمز یونین کی تجدید ترکیہ اور یورپی یونین دونوں کے مشترکہ معاشی مفادات کے لیے مفید ہوگی، اور اس معاملے کو مسئلۂ قبرص سے نہیں جوڑا جانا چاہیے۔














