اگر موجودہ رجحانات برقرار رہے تو توقع ہے کہ 2035 تک دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد عیسائیوں سے بڑھ جائے گی۔ اندازوں کے مطابق 2035 میں مسلمانوں کی آبادی 2.57 ارب جبکہ عیسائیوں کی آبادی 2.52 ارب تک ہو گی۔
واشنگٹن میں قائم پیو ریسرچ سینٹر کی بدھ کے روز جاری کردہ تحقیق کے مطابق دونوں مذہبی برادریوں کی آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے، تاہم مسلم آبادی زیادہ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 2020 میں مسلمانوں کی آبادی 2 ارب تھی جبکہ عیسائیوں کی تعداد تقریباً 2.3 ارب تھی۔ 2070 تک مسلمانوں کی تعداد 3.6 ارب اور عیسائیوں کی تعداد 3 ارب تک پہنچنے کی توقع ہے۔
تحقیق کے مطابق 2020 کے بعد 50 برس کے دوران دنیا کی مجموعی آبادی میں 29 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ اسی عرصے میں مسلم آبادی میں 80 فیصد جبکہ تمام مسالک کے عیسائیوں کی آبادی میں 30 فیصد اضافے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
آبادی میں اضافے کا بنیادی سبب شرحِ پیدائش
تحقیق میں مسلم آبادی کے تیزی سے بڑھنے کی بنیادی وجہ شرحِ پیدائش کو قرار دیا گیا ہے۔
2020 سے 2025 کے دوران ہر مسلم خاتون کے اوسطاً بچوں کی تعداد 3.1 رہی، جبکہ عیسائی خواتین میں یہ شرح 2.5 شمار کی گئی۔ دیگر مذہبی گروہوں سے تعلق رکھنے والی خواتین میں اوسطاً 1.6 بچے ریکارڈ کیے گئے۔
تحقیق کے مطابق 2020 سے 2070 کے دوران پیدائش اور اموات کے فرق سے ہونے والے قدرتی اضافے کے نتیجے میں مسلم آبادی میں 1.6 ارب اور عیسائی آبادی میں 79 کروڑ 20 لاکھ افراد کا اضافہ متوقع ہے۔
مذہب کی تبدیلی کا اثر محدود
اندازہ ہے کہ مذہب کی تبدیلی بھی دونوں گروہوں کی آبادی کے توازن پر اثر ڈالے گی، تاہم یہ اثر شرحِ پیدائش کے مقابلے میں کم رہے گا۔
پیش گوئیوں کے مطابق اسلام چھوڑنے والوں اور اسلام قبول کرنے والوں کے فرق کی وجہ سے مسلم آبادی کو 80 لاکھ کا نیٹ نقصان ہوگا۔ عیسائیت میں یہ نقصان 10 کروڑ 50 لاکھ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ عیسائیت چھوڑنے والوں کی بڑی تعداد ان لوگوں میں شامل ہو جائے گی جو خود کو کسی مذہب سے وابستہ نہیں بتاتے۔
اسلام اور عیسائیت کے درمیان مذہب کی تبدیلی کے رجحانات کے ایک دوسرے کو کافی حد تک متوازن کرنے کی توقع ہے۔ عیسائیت اختیار کرنے والے مسلمانوں کی تعداد 92 لاکھ جبکہ اسلام قبول کرنے والے عیسائیوں کی تعداد 90 لاکھ رہنے کا اندازہ ہے۔
پاکستان سب سے زیادہ مسلم آبادی والا ملک ہوگا
تحقیق کے مطابق آبادی میں اضافہ زیادہ تر ان ممالک میں ہوگا جہاں مسلمان پہلے ہی اکثریت میں ہیں۔
مسلم اکثریتی 53 ممالک میں 2070 تک 1.2 ارب نئے مسلمانوں کے اضافے کی توقع ہے۔ اندازہ ہے کہ پاکستان میں مسلم آبادی 22 کروڑ 70 لاکھ سے بڑھ کر 46 کروڑ 10 لاکھ ہو جائے گی، جس سے پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ مسلم آبادی والا ملک بن جائے گا۔
عیسائی آبادی میں اضافہ بھی بنیادی طور پر عیسائی اکثریتی ممالک میں متوقع ہے۔ جمہوریہ کانگو میں عیسائی آبادی 9 کروڑ 20 لاکھ سے بڑھ کر 29 کروڑ 90 لاکھ تک پہنچنے کا اندازہ ہے۔
اس کے برعکس، 2020 میں دنیا کی سب سے بڑی عیسائی آبادی رکھنے والے ملک امریکہ میں عیسائیوں کی تعداد 21 کروڑ 70 لاکھ سے گھٹ کر 17 کروڑ 40 لاکھ رہ جانے کی توقع ہے۔
عیسائی بیشتر خطوں میں سب سے بڑا مذہبی گروہ رہیں گے
مسلم آبادی میں عالمی سطح پر تیزی سے اضافے کے باوجود اندازہ ہے کہ 2070 میں دنیا کے بیشتر خطوں میں عیسائی ہی سب سے بڑا مذہبی گروہ رہیں گے۔
مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں مسلمانوں کا آبادی میں حصہ 95 فیصد ہونے کی توقع ہے، جبکہ ایشیا بحرالکاہل واحد خطہ ہوگا جہاں سب سے بڑے مذہبی گروہ میں تبدیلی آئے گی۔ اس خطے میں مسلمانوں کے ان لوگوں سے آگے نکل جانے کا امکان ہے جو کسی مذہب سے وابستہ نہیں۔
صحارا کے جنوب میں واقع افریقی ممالک میں 2020 سے 2070 کے دوران عیسائی آبادی میں 129 فیصد اور مسلم آبادی میں 166 فیصد اضافے کا اندازہ ہے۔ اس کے نتیجے میں عیسائیوں کی تعداد بڑھنے کے باوجود کل آبادی میں ان کا تناسب کم ہو جائے گا۔
ماخذ: پیو ریسرچ سینٹر













