میکسیکو کے متعدد علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 42 افراد ہلاک اور 27 لاپتہ ہیں۔
ایک بیان میں ، میکسیکو کے نیشنل سول پروٹیکشن کوآرڈینیشن (سی این پی سی) نے کہا کہ موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے ویراکروز ، پیوبلا ، ہڈالگو ، کوئریٹارو اور سان لوئس پوٹوسی ریاستوں میں تباہ کن سیلاب آیا ہے۔
ابتدائی جائزوں کے مطابق سیلاب میں کم از کم 42 افراد ہلاک ہوئے جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں 27 لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے بھرپور کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے ہنگامی ردعمل کی کوششوں کو مربوط کرنے کے لئے پانچ سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں کے گورنروں کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ کی اور کہا کہ سڑکیں دوبارہ کھولنے اور عوام تک امداد پہنچانے کے لئے وفاقی حکومت کی ٹیمیں اور عہدیداروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
میکسیکو کے ذرائع ابلاغ کے مطابق حالیہ برسوں میں ملک کی سب سے شدید سیلاب کی تباہی میں ہزاروں افراد بجلی سے محروم رہ گئے ہیں۔
حکام کو خدشہ ہے کہ پہاڑی ڈھلوانوں پر لینڈ سلائیڈنگ اور بہتے ہوئے دریاؤں کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے ، جس نے پہلے ہی تباہی کو بڑھا دیا ہے۔
بہت سے متاثرہ علاقوں میں موسلا دھار بارشیں جاری ہیں ، جہاں شاہراہیں ، سڑکیں اور گھر سیلاب کے پانی میں ڈوب گئے ہیں