دنیا
3 منٹ پڑھنے
آبنائے ہرمز میں جنگ کے ماحولیاتی اثرات نسلوں تک برقرار رہیں گے: پگ
میرا پیغام سادہ ہے: جنگ بند کرو، آبنائے ہرمز کو کھولو اور آلودگی کا خاتمہ کرو: لیوس پگ
آبنائے ہرمز میں جنگ کے ماحولیاتی اثرات نسلوں تک برقرار رہیں گے: پگ
WAR-IRAN-US-ISRAEL-OMAN-ENVIRONMENT-SWIM / AFP (Wire)
 

ایران کے خلاف جاری امریکی اور اسرائیلی جنگ کے تباہ کن ماحولیاتی اثرات کی جانب توجہ مبذول کرانے کے لیے آبنائے ہرمز میں تیراکی کرنے والے طویل فاصلے کے برطانوی تیراک لیوس پَگ نے مطالبہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ بحری آمدورفت کے لیے کھولا جائے اور خطے میں پھیلنے والی آلودگی کا خاتمہ کیا جائے۔

اپنی ویب سائٹ سے جاری کردہ پیغام میں پَگ نے کہا ہے کہ ’’تیل بردار جہازوں، قدرتی گیس لے جانے والے بحری جہازوں اور دیگر تجارتی جہازوں کو ہر روز حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس جنگ کے ماحولیاتی اثرات نسلوں تک برقرار رہیں گے۔‘‘

56 سالہ لیوس پَگ کو اقوام متحدہ  ماحولیاتی پروگرام (UNEP) کی جانب سے ’’سمندروں کے سرپرست‘‘ کا اعزاز حاصل  ہے۔ برطانوی تیراک نے اپنے پیغام کو دنیا تک پہنچانے کے لیے گزشتہ ہفتے تین روز تک آبنائے ہرمز کے عمانی ساحل کے قریب تیراکی کی۔

پیر کے روز پانی میں اترنے سے محض آدھے گھنٹے بعد ہی ان سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر ایک تیل بردار جہاز کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کی تیراکی کے دوران ہونے والے دیگر حملوں میں بھی بعض بحری جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

پگ نے عمان کے جزیرہ نما مسندم سے تیراکی کا آغاز کیا اور آبنائے ہرمز کے ایک حصے کا چکر لگاتے ہوئے مجموعی طور پر 15 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔

آبنائے ہرمز کے دوسری جانب ایران واقع ہے، جبکہ اس کا تنگ ترین مقام 39 کلومیٹر چوڑا ہے۔

فی الوقت رُکی ہوئی یہ جنگ  28 فروری 2026 کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مربوط حملوں کے آغاز سے شروع ہوئی تھی۔

ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بحری جہازوں کو نشانہ بنایا، سمندر میں بارودی سرنگیں بچھائیں اور خلیج کے مختلف علاقوں میں امریکی تنصیبات پر حملے کیے۔

دوسری جانب امریکی فوج جنگ سے قبل تیل  کی عالمی طلب کے پانچویں حصے کی ترسیل کی  اس اہم گزرگاہ میں ایک بحری راہداری سے گزرنے والے جہازوں کو حفاظتی حصار فراہم کر رہی ہے۔ واشنگٹن انتظامیہ نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے لیے جوابی کارروائی بھی جاری رکھی ہوئی ہے۔

جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات بھی تعطل کا شکار ہیں۔

اس جنگ کے اثرات کئی دہائیوں تک برقرار رہیں گے

پگ نے کہا کہ اس جنگ کا ایک اور ایسا متاثرہ فریق قدرتی ماحول ہے جس پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے خبردار کیا  ہےکہ جنگ کے ماحولیاتی اثرات کئی دہائیوں تک محسوس کیے جاتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ’’آبنائے ہرمز محض بحری تجارت کے لیے ہی ایک انتہائی اہم گزرگاہ نہیں، بلکہ یہ دنیا کے خوبصورت ترین مقامات میں سے ایک ہے ۔‘‘

انہوں نے مزید کہا ہے کہ’’ان پانیوں میں ڈولفن، سمندری کچھوے اور ڈوگونگ نامی سمندری جانور پائے جاتے ہیں۔ یہ دنیا کے عظیم ترین قدرتی عجائبات میں سے ایک ہے۔‘‘

برطانوی تیراک اس سے قبل بھی دریاؤں کو اس قدر صاف رکھنے کی ضرورت اجاگر کرنے کے لیے انٹارکٹکا، قطب شمالی اور بحیرہ احمر میں غیر معمولی تیراکی کر چکے ہیں، تاکہ لوگ ان میں محفوظ طریقے سے تیراکی اور ماہی گیری کر سکیں۔

پگ نے اپنے مطالبے کا اختتام ان الفاظ میں کیا ہے کہ’’میرا پیغام سادہ ہے: جنگ بند کرو، آبنائے ہرمز کو کھولو اور آلودگی کا خاتمہ کرو۔‘‘

دریافت کیجیے
میں خود کو احمق محسوس کر رہا ہوں: مسک
ترکیہ کا تحقیقاتی بحری جہاز ’’اورچ رئیس‘‘ پاکستان روانہ گیا
دفاعی معاہدے کا مقصد ترکیہ اور قطر کی خودمختاری کا تحفظ کرنا ہے: ترکیہ وزارتِ دفاع
یورپی یونین کمیشن پر سائبر حملہ
ایران: ہم نے کویت میں امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا ہے
ترکیہ: "کوپ 31 انطالیہ۔غزہ موسمیاتی راہداری" قائم کی جائے
مغربی کنارے میں غیر قانونی یہودی بستیوں کے معاملے پر آسٹریلیا کی اسرائیلی شہریوں پر پابندیاں
امریکہ کے ایران کے جزیرہ قشم پر متعدد حملے
روس:یوکرین نے ایک بار پھر کریمیا پل کو نشانہ بنایا ہے
امریکہ: ٹرمپ کے ایک تہائی سے زیادہ حامیوں نے ووٹ نہیں دیا
ٹرمپ، ایران کے ساتھ جنگ کو لمبا نہیں ہونے دیں گے: وینس
امریکی انٹیلی جنس کا دعویٰ: ایران واشنگٹن میں ’ڈرٹی بم‘ حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے
اسپین: لاکھوں کی شرکت سے ملک گیر ہڑتال
یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کایا کالاس نے روس کے مذاکراتی مطالبات کو ’’بے معنی‘‘ قرار دے دیا
چار ممالک کا اسرائیل سے غزہ کو امداد کے حوالسے سے "فوری طور پر تاخیر ختم کرنے" کا مطالبہ