جمہوریہ ترکیہ کے وزیرِ ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اورال اوغلو نے کہا ہے کہ قزل ایلما، جیٹ موٹر طیارے کو نشانہ بنانے والا، پہلا جنگی ڈرون بن گیا ہے۔
اورال اوغلو نے جاری کردہ تحریری بیان میں ترکیہ کی ڈاک سروس 'پی ٹی ٹی' کے، قومی ساختہ جنگی ڈرون ’’قزل ایلما‘‘کے لیے،چھاپے گئے یادگاری ڈاک ٹکٹ اور پہلے روز کے لفافے سے متعلق معلومات فراہم کی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ "دفاعی صنعت 'بائیکار' کے مکمل طور پر قومی وسائل اور مقامی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ قزل ایلما نے 29 نومبر 2025 کو سینوپ کے ساحل کے قریب ہونے والے ایک تجربے کے دوران عالمی فضائی جنگ کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کیا ہے"۔
انہوں نے کہا ہے کہ قزل ایلما نے، دفاعی صنعت 'آسیلسان' کے تیار کردہ MURAD AESA ریڈار کے نشاندہی کردہ ہدف کو TÜBİTAK SAGE کے تیار کردہ 'گیوک دوعان' میزائل سے بالکل درست نشانہ بنایا ہے۔ اس طرح یہ دنیا کا پہلا ڈرون جنگی طیارہ بن گیا جس نے حدِّ نگاہ سے باہر اور فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کے ذریعے جیٹ انجن سے لیس فضائی ہدف کو کامیابی سے تباہ کر دیا ہے۔
’’ہم قزل ایلما کی تاریخی کامیابی کو یادگاری ڈاک ٹکٹ کے ذریعے ہمیشہ کے لیے محفوظ کریں گے‘‘۔
اورال اوغلو نے اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ فضائی تاریخ میں جگہ بنانے والی قزل ایلما کی اس کامیابی کو اس کی پہلی سالگرہ کے موقع پر یادگاری ڈاک ٹکٹ کے ذریعے زندہ رکھیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ’’ہم قزل ایلما کی اس تاریخی کامیابی کو یادگاری ڈاک ٹکٹ کے ذریعے ہمیشہ کے لیے محفوظ کریں گے۔ ’ترکیہ کا پہلا جنگی ڈرون قزل ایلما‘ کے عنوان سے یادگاری ڈاک ٹکٹ اور پہلے روز کا لفافہ 29 نومبر کو جاری کیا جائے گا۔ اسی روز ضلع تکیرداع کے پی ٹی ٹی ڈائریکٹریٹ میں، "ترکیہ کا پہلا جنگی ڈرون قزل ایلما، 29.11.2026، تکیرداع" کے الفاظ پر مشتمل پہلے روز کی ،خصوصی مہر کا استعمال بھی شروع کر دیا جائے گا۔ ہمارے ڈاک ٹکٹ اور دیگر یادگاری اشیاء 'پی ٹی ٹی' کے دفاتر اور ویب سائٹ www.filateli.gov.tr پر فروخت کے لیے دستیاب ہوں گی۔‘‘
یہ بھی اعلان کیا گیا تھا کہ ترکیہ کے پہلے جنگی ڈرون طیارے قزل ایلما کے تین یونٹ تجرباتی مراحل مکمل ہونے کے بعد رواں ہفتے کے دوران سکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔














