ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتار نے کراچی بندرگاہ پر "اوروچ ریئس" کی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان توانائی کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔
بائراکتار نے بتایا کہ گزشتہ سال اسلام آباد میں دونوں ممالک نے توانائی کے شعبے میں متعدد معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔
انہوں نے مزید کہا:"ان معاہدوں کے بعد ترکیہ کی سرکاری پیٹرولیم کمپنی (ٹی پی اے او) اور پاکستان کی قومی توانائی کمپنیوں او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور ماری انرجیز کے درمیان مضبوط شراکت داری قائم ہوئی۔ ہم دو ایسی قومیں ہیں جن کی تاریخ مشترکہ اقدار اور گہرے برادرانہ رشتے پر استوار ہے۔ آج ہم اس دوستی کو مزید آگے بڑھانے اور دونوں ممالک کے توانائی کے مستقبل کو سمت دینے والا ایک تاریخی قدم اٹھانے کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں۔"
اوروچ ریئس 19 دن کے سفر کے بعد پاکستان پہنچ گیا
بائراکتار کے مطابق دونوں ممالک کی شراکت داری محض کاغذی کارروائی تک محدود نہیں ہے۔ مجموعی طور پر پانچ بلاکس کے لیے لائسنس کے مراحل مکمل ہو چکے ہیں، جن میں تین سمندر میں اور دو خشکی پر واقع ہیں، اور میدان میں سرگرمیوں کا آغاز بھی ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوروچ ریئس 19 دن کا سفر طے کر کے پاکستان پہنچا ہے، جہاں اسے دریائے سندھ اور مکران کے طاس کی گہرائیوں میں چھپے امکانات کو سامنے لانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
بائراکتار نے امید ظاہر کی کہ یہ کام ایسی دریافتوں پر منتج ہوں گے جو دونوں ممالک کی ترقی میں معاون ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا: "اوروچ ریئس کے ذریعے ٹی پی اے او انڈس سی بلاک میں 670 مربع کلومیٹر کے رقبے پر تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی سیسمک ڈیٹا جمع کرے گی۔ حاصل ہونے والے ڈیٹا کی روشنی میں ہم آئندہ سال متعین کردہ مقامات پر کھدائی کا آغاز کرنے کا ہدف رکھتے ہیں۔"
"ہم ترکیہ میں حاصل کی گئی کامیابی پاکستان میں بھی دہرانا چاہتے ہیں"
وزیر بائراکتار نے کہا کہ پاکستان میں خشکی اور سمندر میں جاری سرگرمیاں دونوں ممالک کی توانائی کی سلامتی کو براہ راست مضبوط کریں گی اور خوشحالی میں اضافہ کریں گی۔
انہوں نے یاد دلایا کہ دنیا کی تیل اور قدرتی گیس کی منڈیاں اپنی تاریخ کے سب سے بڑے جھٹکوں میں سے ایک سے گزر رہی ہیں، جس کے باعث توانائی کے شعبے میں ایسا تعاون مزید اسٹریٹجک اور اہم ہو گیا ہے۔
بائراکتار نے کہا کہ وہ ترکیہ میں تلاش اور پیداوار کے شعبے میں حاصل ہونے والی کامیابیاں پاکستان میں بھی دہرانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ"2020 میں عالمی وبا کے دوران انہی جہازوں کے ذریعے ہم نے بحیرہ اسود میں قدرتی گیس کا سب سے بڑا ذخیرہ دریافت کیا۔ یہ دریافت 2020 میں دنیا بھر میں سمندروں میں قدرتی گیس کی سب سے بڑی دریافت بھی تھی۔ آج ہم ان میدانوں سے یومیہ تقریباً ایک کروڑ مکعب میٹر قدرتی گیس پیدا کر رہے ہیں اور تقریباً 40 لاکھ گھرانوں کی ضرورت پوری کر رہے ہیں۔ 2028 تک ہماری پیداوار یومیہ تقریباً چار کروڑ مکعب میٹر اور مستفید ہونے والے گھرانوں کی تعداد ایک کروڑ 60 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ ان سرگرمیوں میں حاصل ہونے والا تجربہ اور اپنی انجینئرنگ کی صلاحیت ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کی خدمت میں پیش کر رہے ہیں۔"
بائراکتار نے نشاندہی کی کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان توانائی، بجلی اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، اور نئے معاہدوں کے ذریعے یہ شراکت داری مزید آگے بڑھے گی۔
کان کنی کے شعبے میں تعاون جاری
ترک وزارت توانائی و قدرتی وسائل کے بیان کے مطابق، ترکیہ کے دو بڑے کان کنی اداروں، یعنی معدنی تحقیق و تلاش کی جنرل ڈائریکٹوریٹ (ایم ٹی اے) اور ایتی مادن کی شراکت سے قائم کردہ ادارے ایم ٹی اے آئی سی اور پاکستان کے کان کنی اداروں ماری انرجیز منرلز اور پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی) کے درمیان دو الگ الگ مشترکہ منصوبوں کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
ان معاہدوں کے تحت ایم ٹی اے آئی سی پاکستان میں تین مقامات پر معدنیات کی تلاش کا کام شروع کرے گی، جن میں سے دو تانبے اور سونے کے اور ایک اینٹیمنی کا ہے۔
علاوہ ازیں ایم ٹی اے کی جنرل ڈائریکٹوریٹ، ایم ٹی اے آئی سی اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے درمیان سہ فریقی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔ اس مفاہمت کا مقصد ارضیات اور معدنیات کی تلاش کے شعبوں میں تکنیکی معلومات اور تجربات کے تبادلے کو بڑھانا اور مشترکہ منصوبے تیار کرنا ہے۔
ماخذ: ترکیہ کی وزارت توانائی و قدرتی وسائل کا بیان اور وزیر الپ ارسلان بایراکتار کا خطاب














