یوکرین کے ڈرون حملوں نے شب بھر ماسکو کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ماسکو کے بالکل جنوب میں واقع تولا علاقے میں آگ بھڑک اٹھی
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن نے ٹیلیگرام میسجنگ ایپ پر کہا کہ کم از کم تین ڈرون مار گرائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز ان مقامات پر بھیجی گئی ہیں جہاں ڈرون کا ملبہ گرا تھا، لیکن انہوں نے فوری طور پر کسی نقصان کی اطلاع نہیں دی۔
روس کی شہری ہوا بازی انتظامیہ نے ٹیلیگرام پوسٹ پر کہا کہ دارالحکومت کے چار بڑے ہوائی اڈوں میں سے دو محدود آپریشنز کر رہے ہیں۔
روسی وزارت دفاع نے کہا کہ اس کی فضائی دفاعی یونٹس نے راتوں رات 172 یوکرینی ڈرونز تباہ کیے، جن میں سے تقریبا نصف یوکرین کے قریب سرحد ی علاقوں میں تباہ ہوئے۔
تولا کے گورنر دمتری ملیایف نے ٹیلی گرام پر کہا کہ ایک تباہ شدہ یوکرینی ڈرون کے ملبے نے روس کے تولا علاقے میں ایک صنعتی مقام پر آگ بھڑکادی۔
البتہ ملیایف نے اس صنعتی علاقے کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ روسی فضائی دفاعی یونٹس نے علاقے میں 12 یوکرینی ڈرونز تباہ کیے۔
یوکرین نے روس کے اندر ڈرون حملے تیز کر دیے ہیں اور کہا ہے کہ وہ ماسکو کی جنگی کوششوں میں خلل ڈالنے اور یوکرین پر مسلسل حملوں کا جواب دینے کے لیے اُس کے عسکری، توانائی اور لاجسٹک مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے۔











