جنوبی کوریا کی بحریہ نےجاپان کی بحریہ کے ساتھ نومبر کے آخر میں طے شدہ مشترکہ" تلاش و بچاو تربیتی مشقوں" کو غیر معّینہ مدّت کے لئے معطل کر دیا ہے۔
جاپان کے روزنامہ 'یومیوری شیمبون 'نے آج بروز سوموار دونوں طرف کے حکومتی ذرائع کے حوالے سے شائع کردہ خبر میں کہا ہے کہ جنوبی کوریا بحریہ نے جاپان بحریہ کے ہمراہ متوقع بحری مشقوں کو غیر معّینہ مدّت کے لئے ملتوی کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ رواں مہینے کے اوائل میں جاپان کی طرف سے، اوکیناوا کے ایک اڈے پر جنوبی کوریا کے فوجی طیاروں کے لئے، ایندھن بھرائی کی اجازت منسوخ کئے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔
مذکورہ مشقیں 1999 اور 2017 کے درمیان دس مرتبہ منعقد ہوئی اور دسمبر 2018 میں جاپانی گشت طیاروں کے معاملے پر فوجی تنازعےکے بعد معطل کر دی گئی تھیں۔
اخبار نے محکمہ دفاع کے ایک سینئر افسر کے حوالے سے کہا ہے کہ مشترکہ تربیتی مشقوں کے آغاز کو تعاون میں مضبوطی کی علامت سمجھا جا رہا تھا۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان متنازع جزیروں کو جاپان میں 'ٹیکیشیما' اور جنوبی کوریا میں 'ڈوکڈو' کہا جاتا ہے۔ یہ جزیرے جنوبی کوریا کے کنٹرول میں ہیں مگر جاپان ان پر اپنے حق کا دعویٰ کرتا ہے۔ یہ دور افتادہ جزیرے مشرقی سمندر میں واقع ہیں، جسے بحرِ جاپان بھی کہا جاتا ہے۔








